ویزیانگرم، 28 اپریل (ایس او نیوز): آندھرا پردیش کے ضلع ویزیانگرم میں ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھڑے افراد پر چڑھ دوڑی، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دلخراش حادثہ پیر کی دیر رات قومی شاہراہ نمبر 16 پر پیراپورم کے قریب پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کار سریکاکولم سے وشاکھاپٹنم کی جانب جا رہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کروناکرن سری نواس راؤ (57) ساکن وشاکھاپٹنم، کلامپودی سمہاچلم ساکن ویزیانگرم، اور سگے بھائی سادناپلی رامو اور سادناپلی رمیش (ساکنان گنگوپیٹا، ضلع سریکاکولم) کے طور پر کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق کار نے پہلے سڑک کنارے ایک چائے کی دکان کے قریب موجود افراد کو ٹکر ماری، جس کے بعد ایک کھڑے ٹرک سے جا ٹکرائی۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ایک زخمی نے اسپتال لے جاتے وقت دم توڑا۔
پولیس کے مطابق کار کی رفتار بہت زیادہ تھی، جو حادثے کی بنیادی وجہ بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔