چکمگلور، 6 اپریل (ایس او نیوز): کرناٹک کے ضلع چکمگلور کے نرسِمھاراجاپور تعلقہ کے بنّور گاؤں کے قریب بھدرا ندی میں نہانے کے دوران ایک آئی ٹی ملازم کے ڈوب کر ہلاک ہونے کا افسوسناک واقعہ پیر کی صبح پیش آیا۔
متوفی کی شناخت 27 سالہ ابھیشیک کے طور پر کی گئی ہے، جو اصل میں گدگ کے رہنے والے تھے اور بنگلورو کی ایک نجی آئی ٹی کمپنی میں ملازمت کرتے تھے۔
اطلاعات کے مطابق، ابھیشیک اپنے ایک دوست کی شادی میں شرکت کے لیے اپنے ساتھیوں کے ساتھ چکمگلور کے بالےہونّور کے قریب واقع بنّور گاؤں آئے تھے، جہاں وہ ایک مقامی ہوم اسٹے میں مقیم تھے۔ پیر کی صبح وہ بھدرا ندی میں نہانے کے لیے گئے، تاہم اچانک پانی کے تیز بہاؤ میں پھنس کر لاپتہ ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے اہلکاروں اور مقامی افراد نے فوری طور پر تلاشی مہم شروع کی۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی کوششوں کے بعد بنّور گاؤں کے قریب ندی سے ابھیشیک کی لاش برآمد کرلی گئی۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں اور دوستوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔ یہ معاملہ بالےہونّور پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا ہے، جہاں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔