ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: گھر میں گھس کر خاتون کے گلے سے سونے کا ہار چھین کر چور فرار؛ خاتون زخمی

بھٹکل: گھر میں گھس کر خاتون کے گلے سے سونے کا ہار چھین کر چور فرار؛ خاتون زخمی

Sat, 09 May 2026 01:02:42    S O News
بھٹکل: گھر میں گھس کر خاتون کے گلے سے سونے کا ہار چھین کر چور فرار؛ خاتون زخمی

بھٹکل، 8 مئی (ایس او نیوز) بھٹکل شہر کے قدوائی روڈ فرسٹ کراس علاقے میں واقع ایک مکان میں دیر رات پیش آئے سنسنی خیز واردات میں ایک چور گھر میں گھس کر خاتون کے گلے سے سونے کا ہار چھین کر فرار ہوگیا۔ واردات کے دوران خاتون کے گلے پر چوٹ بھی آئی ہے، جس کے بعد انہیں علاج کے لئے سرکاری اسپتال لے جایا گیا۔

ذرائع کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب قریب ایک بجے نامعلوم چور مکان کے پچھلے حصے کی کھڑکی کا شیشہ توڑ کر اندر داخل ہوا۔ گھر میں داخل ہونے کے بعد اس نے پہلے ایک بیگ میں موجود سونے کے زیورات اور تقریباً دس ہزار روپے نقد رقم چرالی۔ بعد ازاں کمرے میں پلنگ پر آرام کررہی خاتون کے گلے سے سونے کا ہار چھین لیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

متاثرہ خاتون کے مطابق واردات میں تقریباً 50 سے 55 گرام وزنی سونے کے زیورات اور دس ہزار روپے نقد رقم چوری ہوئی ہے۔ ہار چھیننے کے دوران خاتون کے گلے پر زخم بھی آیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی خاتون کے قریبی رشتہ دار رات میں ہی گھر پہنچ گئے اور انہیں فوری طور پر بھٹکل کے سرکاری اسپتال لے جایا گیا، جہاں ابتدائی علاج اور مرہم پٹی کی گئی۔

اطلاع ملنے پر بھٹکل ٹاؤن پولیس کی ٹیم فوری جائے وقوع پر پہنچی اور ابتدائی جانچ شروع کی۔ جمعہ کی صبح کاروار سے ڈاگ اسکواڈ اور فنگر پرنٹ ماہرین کی ٹیم نے بھی موقع پر پہنچ کر ضروری شواہد اکٹھا کیے۔

بتایا جارہا ہے کہ چور کے گھر میں داخل ہونے کی پوری واردات قریب میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی ہے، جس کی بنیاد پر پولیس ملزم کی تلاش میں مصروف ہے۔

اس سلسلے میں محترمہ ناہید اختر کی جانب سے بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے، جس کے بعد پولیس نے معاملہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔


Share: