بھٹکل ،14 / اپریل (ایس او نیوز) جنتا دل سیکولر کا سلور جوبلی سال منانے کے تعلق سے بھٹکل میں پارٹی لیڈروں اور کارکنان کے ساتھ میٹنگ کے بعد پریس سے خطاب کرتے ہوئے جے ڈی ایس لیڈر سورج سونی نے دعویٰ کیا کہ کمارسوامی 2028 میں پھر سے ریاست کے وزیر اعلیٰ بن جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ جے ڈی ایس کی سلور جوبلی کے حوالے سے ایک سال تک پارٹی کو منظم کرنے کی مہم چلائی جائے گی ۔ پھر اس بنیاد پر گرام پنچایت، تعلقہ پنچایت، ضلع پنچایت سطح پرانتخابات لڑے جائیں گے ۔ اتر کنڑا ضلع میں پارٹی کے پاس طاقت ہے اور اس کے سہارے کئی نشستوں پر انتخاب جیتے جا سکتے ہیں ۔ 2028 میں این ڈی اے کے امیدواروں جیت دلانے کی ذمہ داری ہم لوگوں پر ہے ۔ جے ڈی ایس پارٹی این ڈی اے کا حصہ ہونے کی وجہ سے پارٹی کے لئے بہت سی آسانیاں ہیں ۔ ملکی سطح پر ایک طاقتور علاقائی پارٹی کی حیثیت سے جے ڈی سی نے اپنا وجود بنا رکھا ہے ۔ دوسری پارٹیوں سے وزیر اور وزیر اعلیٰ بننے والے یہیں سے لیڈرشپ کی صلاحیت حاصل کرتے ہیں ۔ این ڈی اے کی سینئر لیڈرشپ آئندہ میعاد کے لئے وزیر اعلیٰ کو نامزد کرنے والی ہے اور ایسے میں جے ڈی ایس کو مقام اور منصب ملنے کی توقع ہے ۔
جے ڈی ایس کی بی جے پی کے ساتھ سنگت کی وجہ سے عنایت اللہ شاہ بندری جیسے اقلیتی لیڈر کی طرف سے جے ڈی ایس کو الوداع کہنے کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ جے ڈی ایس پارٹی سیکیولر اقدار پر قائم ہے ۔ نریندرمودی وزیر اعظم جب بنے تھے تو جے ڈی ایس کی اعلیٰ لیڈرشپ نے این ڈی اے میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ اس لئے جس طرح ہماری سینئر قیادت کہتی ہے ہمیں اسی طرح کرنا ہوتا ہے ۔ یہ سچ ہے کہ عنایت اللہ کے پارٹی سے نکل جانے کی وجہ سے پارٹی کو نقصان ہوا ہے ۔ لیکن اب نئے لیڈر پارٹی کو آگے لے جائیں گے ۔
اس موقع پر جے ڈی ایس بھٹکل یونٹ کے صدر ایشور نائک، ٹی ٹی نائک، دتاتریہ پٹگار، کرشنانند پائی، وینکٹیش نائک تلگوڈ، ایڈوکیٹ راجوردھن، مہابلیشور ہیگڑے، زین العابدین، سبرایا نائک بیلکے، شنکر نائک بیٹگور وغیرہ موجود تھے ۔