ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 12 مئی کو ہوں گے بھٹکل تنظیم کے انتخابات؛ آج 30 اپریل سے پرچہ نامزدگی کی کارروائی شروع

12 مئی کو ہوں گے بھٹکل تنظیم کے انتخابات؛ آج 30 اپریل سے پرچہ نامزدگی کی کارروائی شروع

Thu, 30 Apr 2026 01:46:08    S O News
12 مئی کو ہوں گے بھٹکل تنظیم کے انتخابات؛ آج 30 اپریل سے پرچہ نامزدگی کی کارروائی شروع

بھٹکل، 29 اپریل (ایس او نیوز) ضلع اتر کنڑا کے معروف قومی و سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے سہ سالہ انتخابات 12 مئی کو منعقد ہوں گے، جبکہ انتخابی عمل کا آغاز 30 اپریل سے ہوگا۔

جاری کردہ الیکشن شیڈول کے مطابق امیدوار 30 اپریل سے 3 مئی شام 6:30 بجے تک 500 روپے فیس کے ساتھ پرچہ نامزدگی فارم حاصل اور جمع کر سکیں گے۔ 3 مئی نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے، جبکہ 4 مئی کو پرچوں کی جانچ (اسکروٹنی) کی جائے گی۔ امیدوار 5 مئی شام 6:30 بجے تک اپنے نام واپس لے سکتے ہیں، جس کے بعد 6 مئی کو حتمی فہرست جاری ہوگی۔

انتخابی عمل کے تحت مختلف حلقوں کے لیے نشستوں کی تقسیم پہلے ہی طے کی جا چکی ہے، اور ہر حلقہ کے لیے مخصوص نشستیں مقرر ہیں۔

ووٹنگ 12 مئی کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی، جس کے بعد اسی دن ووٹوں کی گنتی شروع کر دی جائے گی۔ جن نشستوں پر مقابلہ نہیں ہوگا، وہاں امیدوار بلا مقابلہ منتخب قرار دیے جائیں گے۔

الیکشن کمشنر محی الدین الطاف کھروری کے مطابق انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور نتائج کا باضابطہ اعلان 14 مئی کو کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام اراکین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لیں۔

مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے الطاف کھروری نے بتایا کہ تنظیم کی کل انتظامی تعداد 132 اراکین پر مشتمل ہے، جن میں سے سبکدوش انتظامیہ کے 10 اراکین کا انتخاب ہو چکا ہے۔ 12 مئی کے انتخابات میں بھٹکل کے مختلف حلقوں سے 45، اندرونِ ہند سے 17 اور بیرونِ ہند سے 40 اراکین منتخب کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ بھٹکل کے مختلف حلقوں سے 7 شوریٰ اراکین کا بھی انتخاب ہوگا۔ 4 جون کو منعقد ہونے والی پہلی انتظامیہ نشست میں مزید 10 اراکین کا انتخاب کیا جائے گا، جبکہ ان علاقوں کی نمائندگی بھی طے کی جائے گی جہاں کسی وجہ سے انتخابات نہیں ہو پائے ہوں۔

14 جون کو تنظیم کے نئے عہدیداران کا انتخاب ہوگا، جس کے بعد نومنتخب صدر کو مزید 3 اراکین نامزد کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔ اس طرح تنظیم کے مجموعی 132 اراکین کی تشکیل مکمل ہوگی، جبکہ اس کے علاوہ 5 سرپرست بھی الگ سے موجود رہیں گے۔

اعداد و شمار کے مطابق بھٹکل میں تنظیم کے عام اراکین کی تعداد 1903، اندرونِ ہند 491 اور بیرونِ ہند 1483 ہے۔


Share: