
برہماور 11 / جون (ایس او نیوز) برہماور کے ہیرانجے میں واقع ایک رہائش گاہ کے قریب پیش آئے ایک المناک واقعہ میں ایک ڈیڑھ سالہ بچے کے سر پر درخت سے ناریل گرنے کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی۔
متوفی معصوم لڑکے کی شناخت دکش کے طور پر کی گئی ہے جو پرشانت پجاری اور سچترا پجاری کا بیٹا تھا ۔ اس جوڑے کی دَیا نامی ایک چھ سالہ بیٹی بھی ہے جو پہلی جماعت میں پڑھتی ہے۔
جس وقت یہ حادثہ پیش آیا تب سچترا اپنی بیٹی کے ساتھ اسکول بس میں سوار ہونے کے لیے دکش کو اپنی بانہوں میں لے کر جا رہی تھی۔ جب وہ ان کے گھر سے تھوڑی ہی دوری پر چل رہی تھی تو مبینہ طور پر ایک 40 فٹ اونچے درخت سے ناریل گرا اور بچے کے سر پر جا لگا۔
اس سے بچے کے سر پر شدید چوٹیں آئیں اور اسے فوری طور پر کے ایم سی ہسپتال منی پال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ایمرجنسی سرجری کی ۔ مگر دماغ کو شدید چوٹ لگنے کی وجہ سے علاج کارگر نہیں ہوا اور بچے کو بچایا نہ جا سکا ۔
پرشانت پجاری گزشتہ 13 سالوں سے برہماور میں ایک چھوٹی فاسٹ فوڈ کارٹ چلا رہے ہیں اور علاقے میں مشہور ہیں۔
کمسن بچے کی بے وقت موت نے اہل خانہ اور برادری کو سوگوار کر دیا ہے۔