ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انکولہ میں ایتھنول ٹینکر الٹنے کے بعد خوفناک آگ؛ ڈرائیور شدید زخمی

انکولہ میں ایتھنول ٹینکر الٹنے کے بعد خوفناک آگ؛ ڈرائیور شدید زخمی

Fri, 17 Apr 2026 23:38:29    S O News
انکولہ میں ایتھنول ٹینکر الٹنے کے بعد خوفناک آگ؛ ڈرائیور شدید زخمی

انکولہ 17 اپریل (ایس او نیوز): کرناٹک کے ضلع اتر کنڑا کے انکولہ تعلقہ میں جمعرات سہ پہر ایک بڑا حادثہ پیش آیا، جہاں نیشنل ہائی وے  52 پر اگسور کے قریب کنچن باگیلو کے مقام پر ایتھنول سے بھرا ایک ٹینکر الٹ کر شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ذرائع کے مطابق ٹینکر نپانی سے منگلورو میں واقع ایک آئل کمپنی کو ایتھنول سپلائی کرنے جا رہا تھا کہ اچانک حادثے کا شکار ہو گیا۔ ٹینکر کے الٹتے ہی اس میں زوردار آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے شعلے آسمان تک بلند ہونے لگے۔ آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ کوئی بھی شخص جائے حادثہ کے قریب جانے کی ہمت نہیں کر سکا۔

IMG-20260417-WA0070

حادثے میں ٹینکر کا ڈرائیور شدید طور پر جھلس گیا، جس کے جسم کا تقریباً 90 فیصد حصہ جل گیا ہے۔ اسے فوری طور پر انکولہ تعلقہ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے کاروار کے ضلع اسپتال (KRIMS) منتقل کیا گیا۔ اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ڈرائیور کو بچانے کے دوران ایک دوسرے لاری ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئیں، جبکہ ٹینکر کا کلینر لاپتہ بتایا جا رہا ہے۔

حادثے کے بعد آگ قریبی جنگلاتی علاقے تک پھیل گئی، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔

اطلاع ملتے ہی انکولہ اور کاروار کے فائر بریگیڈ عملے کے ساتھ بحریہ کے آئی این ایس وجراکوش کا فائر یونٹ بھی موقع پر پہنچا اور کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔

واقعے کے سبب نیشنل ہائی وے 52 پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک مکمل طور پر معطل رہی، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں حکام نے صورتحال پر قابو پا کر ٹریفک بحال کر دی۔

سینئر حکام، جن میں انکولہ کے تحصیلدار اور پولیس افسران شامل ہیں، موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔ اس سلسلے میں انکولہ پولیس تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔


Share: