ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے قریب کاسرکوڈ کی محی الدین جامع مسجد میں اذان دیتے ہوئے معلمِ قرآن کا انتقال

بھٹکل کے قریب کاسرکوڈ کی محی الدین جامع مسجد میں اذان دیتے ہوئے معلمِ قرآن کا انتقال

Tue, 09 Jun 2026 21:15:46    S O News
بھٹکل کے قریب کاسرکوڈ کی محی الدین جامع مسجد میں اذان دیتے ہوئے معلمِ قرآن کا انتقال

بھٹکل، 9 جون (ایس او نیوز): پڑوسی تعلقہ ہوناور کے کاسرکوڈ علاقے میں واقع محی الدین جامع مسجد میں منگل کے روز ایک دل سوز واقعہ پیش آیا، جہاں مسجد کے معلم  مولانا عبدالطیف مدنی کا عصر کی اذان کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔

مسجد کے ایک ذمہ دار نے بتایا کہ تقریباً 51 سالہ مولانا عبدالطیف مدنی مسجد میں بچوں کو قرآنِ کریم اور دینی تعلیمات پڑھانے کی ذمہ داری انجام دے رہے تھے۔ مستقل مؤذن چھٹی پر ہونے کی وجہ سے وہ اس روز عصر کی اذان دے رہے تھے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق مولانا موصوف نے اذان کا آغاز کرتے ہوئے "اللہ اکبر، اللہ اکبر" اور دو مرتبہ "أشهد أن لا إله إلا الله" کے کلمات ادا کیے، تاہم جب وہ "أشهد أن محمداً رسول الله" کہہ رہے تھے تو اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ وہ اذان مکمل نہ کر سکے، نیچے بیٹھ گئے اور چند لمحوں میں اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ "إنا لله وإنا إليه راجعون"

kasarkod-janaza-1

اس دل سوز واقعے کی پوری جھلک مسجد میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اذان کے دوران طبیعت بگڑنے پر مولانا عبدالطیف مدنی بیٹھ جاتے ہیں، جبکہ مسجد میں موجود افراد فوری طور پر ان کی جانب دوڑتے ہیں۔ بعد ازاں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور واقعے کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں لوگ مسجد پہنچنے لگے۔

مسجد کے ذمہ داران کے مطابق مولانا عبدالطیف مدنی اصل میں مینگلور کے قریب بی سی روڈ کے رہائشی تھے۔ مرحوم اپنے پس ماندگان میں اہلیہ، ایک بیٹے اور تین کم سن بیٹیوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔

کاسرکوڈ میں ہی میت کو غسل دینے اور تجہیز و تکفین کے بعد عشاء کی نماز کے بعد محی الدین جامع مسجد میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جس میں مقامی عوام، علما اور مرحوم کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں جسدِ خاکی کو تدفین کے لیے ان کے آبائی مقام منتقل کر دیا گیا۔

اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام اہلِ خانہ، رشتہ داروں اور متعلقین کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔ آمین۔

muhiddin-jamia-masjid-kasarkod

Share: