ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / جو روٹ کا تاریخی کارنامہ، 14 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کر کے سچن کے بعد دوسرے بلے باز بن گئے

جو روٹ کا تاریخی کارنامہ، 14 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کر کے سچن کے بعد دوسرے بلے باز بن گئے

Sun, 21 Jun 2026 17:22:47    S O News
جو روٹ کا تاریخی کارنامہ، 14 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کر کے سچن کے بعد دوسرے بلے باز بن گئے

اوول، 21/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)انگلینڈ کے اسٹار بلے باز جو روٹ نے کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک اپنے نام کر لی ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ’دی اوول‘ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں 14,000 رنز کا جادوئی ہندسہ عبور کر لیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ ٹیسٹ تاریخ میں 14 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے صرف دوسرے اور انگلینڈ کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے معاملے میں وہ اب صرف عظیم بلے باز سچن تندولکر سے پیچھے ہیں۔

کرکٹ کی دنیا میں اب تک صرف ہندوستان کے عظیم بلے باز سچن تندولکر ہی واحد ایسے کھلاڑی تھے جنہوں نے ٹیسٹ فارمیٹ میں 14,000 سے زیادہ رنز بنائے تھے۔ اب تقریباً 149 سال کی ٹیسٹ تاریخ میں جو روٹ اس خاص اور ایلیٹ کلب میں شامل ہونے والے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ تیسرے نمبر پر رکی پونٹنگ ہیں، جنہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 287 اننگز میں 13378 رن بنائے ہین۔ سچن تندولکر نے اپنی 279ویں اننگز میں یہ مقام حاصل کیا تھا، جبکہ جو روٹ کو یہاں تک پہنچنے میں 302 اننگز لگیں۔ حالانکہ میچوں کے لحاظ سے روٹ نے سچن کے مقابلے کم میچوں میں یہ کامیابی حاصل کر لی ہے۔ سچن کو یہاں تک پہنچنے کے لیے 171 میچ لگے تھے، جبکہ روٹ نے 165 ٹیسٹ میچ لیے ہیں۔

واضح رہے کہ جو روٹ اس مقابلے کی دوسری اننگز میں اب تک 75 رنز بنا چکے ہیں، کھیل کے پانچویں دن وہ اسے بڑے اسکور میں تبدیل کرنا چاہیں گے۔ ان 75 رنز کے ساتھ اب ٹیسٹ میں ان کے 14,073 رنز ہو گئے ہیں۔ دوسری طرف، سچن تندولکر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں، جنہوں نے اپنے کیریئر میں کل 15,921 رنز بنائے ہیں۔ یعنی جو روٹ کو یہ عالمی ریکارڈ توڑنے کے لیے اب بھی 1,849 رنز کی ضرورت ہے۔ چونکہ روٹ ابھی صرف 35 سال کے ہی ہیں، ایسے میں اگر ان کی فارم برقرار رہتی ہے تو وہ آنے والے وقت میں اس تاریخی ریکارڈ کو اپنے نام کر سکتے ہیں۔


Share: