ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک: گرام پنچایت انتخابات رواں سال کے آخر تک کرانے کا اعلان، پریانک کھرگے

کرناٹک: گرام پنچایت انتخابات رواں سال کے آخر تک کرانے کا اعلان، پریانک کھرگے

Sun, 10 May 2026 10:25:22    S O News

کلبرگی ، 10/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)ریاستی وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایت راج پریانک کھرگے نے کہا ہے کہ جاری کیلنڈر سال کے اختتام تک ریاست میں گرام پنچایت انتخابات کا انعقاد یقینی بناتے ہوئے پورے انتخابی عمل کو مکمل کرلیا جائے گا۔ وہ ہفتہ کے روز کلبرگی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہہ رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ گرام پنچایت حدود بندی سے متعلق اعتراضات داخل کرنے کی آخری تاریخ مکمل ہوچکی ہے اور جلد ہی انتخابی عمل شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گرام پنچایت انتخابات کے بعد تعلقہ اور ضلع پنچایت انتخابات بھی منعقد کیے جائیں گے۔

پریانک کھرگے نے ضلع میں پینے کے پانی کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں فنڈ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ پانی کی قلت سے متاثر 21 دیہات میں نئے بورویل کھدوائے گئے ہیں، جبکہ 4 دیہات کو ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ہر ضلع کیلئے 5 کروڑ روپے کا فنڈ جاری کیا ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید فنڈ بھی فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کے کے آر ڈی بی بورڈ کی جانب سے 17.30 کروڑ روپے کی گرانٹ بھی منظور کی گئی ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ اراکین اسمبلی کی قیادت میں ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے، جس کی سفارشات کے مطابق پینے کے پانی سے متعلق ترقیاتی کام انجام دیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ موسم گرما میں پانی کی قلت کے مسئلہ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایم وائی پاٹل اور بی آر پاٹل کے ہمراہ نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر آبی وسائل ڈی کے شیوکمار سے ملاقات کی گئی تھی، جس میں مہاراشٹر سے دریائے بھیما کا پانی کرناٹک کیلئے چھوڑنے کا مطالبہ کیا گیا۔


Share: