بنگلورو، 23/اپریل (ایس او نیوز): کرناٹکا اسکول بورڈ کی جانب سے ایس ایس ایل سی 2026 کے نتائج کا اعلان کیا گیا جس میں پھر ایک بار ساحلی کرناٹکا کے تینوں اضلاع نے شاندار پرفارمینس پیش کرتے ہوئے ٹاپ تین پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
کرناٹک اسکول ایگزامینیشن اینڈ اسیسمنٹ بورڈ کی جانب سے تعلیمی سال 2025-26 کے ایس ایس ایل سی (دسویں جماعت) کے نتائج جمعرات کو دوپہر 12 بجے جاری کیے گئے۔اس تعلق سے ریاستی وزیر تعلیم مدھو بنگارپا نے پریس کانفرنس کے دوران نتائج کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال مجموعی طور پر 7,70,209 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی تھی، جن میں سے 7,24,794 طلبہ کامیاب ہوئے ۔ اس طرح ریاست کا مجموعی نتیجہ 94.1 فیصد رہا۔ امتحانات 18 مارچ سے 2 اپریل کے درمیان ریاست بھر کے 2,870 مراکز پر منعقد کیے گئے تھے۔
ضلع وار کارکردگی کے لحاظ سے ساحلی کرناٹک نے ایک بار پھر اپنی برتری برقرار رکھی ہے۔ دکشن کنڑا ضلع نے 98.40 فیصد کے ساتھ پہلا مقام حاصل کیا، اڈپی 98.18 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور اُتر کنڑا 98.09 فیصد کے ساتھ تیسرے مقام پر رہا۔ اس کے برعکس کلبر گی ضلع 85.06 فیصد کے ساتھ آخری نمبر پر رہا۔
دیگر اضلاع کی کارکردگی میں ہاسن (97.51 فیصد)، منڈیا (97.45 فیصد)، سرسی (97.21 فیصد)، ہاویری (96.87 فیصد)، کوڈاگو (96.70 فیصد)، شیموگہ (96.56 فیصد) اور وجیا نگر (96.39 فیصد) نمایاں رہے۔ بنگلورو رورل نے 95.84 فیصد، دھارواڑ 95.59 فیصد، کولار 95.50 فیصد، باگلکوٹ 95.42 فیصد اور بنگلورو نارتھ نے 95.34 فیصد نتائج درج کیے۔
اسی طرح گدگ (95.24 فیصد)، چکمگلورو (94.99 فیصد)، بیلگاوی (94.75 فیصد)، داونگیری (94.64 فیصد)، میسورو (94.50 فیصد)، رائچور (94.41 فیصد)، وجےپورا (94.17 فیصد)، چکّوڈی (94.09 فیصد)،بیلّاری (93.36 فیصد) اور کوپّل (93.10 فیصد) نے بھی اچھا مظاہرہ کیا۔