بنگلورو، 9 اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی) کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے دونوں ایوانوں کے سکریٹریٹ کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے سلسلے میں ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ ریاستی اسمبلی کے اسپیکر یو ٹی قادر نے نیشنل ای-ودھان ایپلیکیشن کے تحت قانون ساز اداروں کو کاغذ سے پاک بنانے کے عمل کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں 8 مارچ 2026 کو اسپیکر یو ٹی قادر نے مرکزی وزارتِ پارلیمانی امور کے اعلیٰ عہدیدار ڈاکٹر ستیہ پرکاش کھٹانا (ایڈیشنل سکریٹری) کے ساتھ تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر دونوں فریقین کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی دستخط کیے گئے۔
اس اقدام کا مقصد کرناٹک اسمبلی اور قانون ساز کونسل کی کارروائی کو مکمل طور پر کاغذ سے پاک (پیپر لیس) بنانا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے قانون سازی کے عمل کو مزید مؤثر، شفاف اور تیز رفتار بنانا ہے۔
اجلاس میں اسمبلی اور کونسل کے سکریٹریز کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی اور ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا۔
حکام کے مطابق، نیشنل ای-ودھان ایپلیکیشن کے نفاذ سے نہ صرف سرکاری کارروائیوں میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ ساتھ ماحول کے تحفظ میں بھی مدد ملے گی۔