ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کوڈاگو میں پہلے ایک خاتون گڈھے میں گری، اسے بچانے کی کوشش میں ایک شخص نے بھی گنوائی جان

کوڈاگو میں پہلے ایک خاتون گڈھے میں گری، اسے بچانے کی کوشش میں ایک شخص نے بھی گنوائی جان

Tue, 11 Aug 2026 17:01:04    S O News
کوڈاگو میں پہلے ایک خاتون گڈھے میں گری، اسے بچانے کی کوشش میں ایک شخص نے بھی گنوائی جان

مڈیکیری، 11 اگست (ایس او نیوز): کرناٹک کے ضلع کوڈاگو (کورگ) میں ایک دل دہلا دینے والے حادثے میں پرانے بیت الخلا کے گڑھے میں گرنے سے ایک خاتون سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ حادثہ ضلع کے سوموارپیٹ تعلقہ کے ہوسا توٹا گاؤں میں پیر شام کو پیش آیا، جہاں ایک خاتون کھیت سے ادرک لانے کے دوران اچانک گڑھے میں جاگری اور اسے بچانے کے لیے گڑھے میں اترنے والا شخص بھی زہریلی گیس کی زد میں آکر جان کی بازی ہار گیا۔

متوفین کی شناخت نیتیا (46) اور جناردھن (43) کے طور پر کی گئی ہے۔

IMG-20260811-WA0021(1)

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق نیتیا، جو روزانہ اجرت پر کام کرتی تھیں، اپنے رشتہ دار کے گھر سے گھر کے استعمال کے لیے ادرک لینے گئی تھیں۔ گھر کے پیچھے سے کھیت کی طرف جاتے ہوئے وہ ایک پرانے بیت الخلا کے گڑھے کے اوپر سے گزر رہی تھیں کہ اچانک گڑھے پر موجود کنکریٹ کی پرانی سلیب ٹوٹ گئی اور وہ گہرے گڑھے میں جاگریں۔

نیتیا کو گڑھے میں گرتا دیکھ کر جناردھن فوری طور پر ان کی مدد کے لیے آگے بڑھا اور خاتون کو نکالنے کی کوشش میں خود بھی گڑھے کے اندر اتر گیا۔ تاہم بتایا گیا ہے کہ گڑھے میں جمع زہریلی گیس کی زد میں آنے کے بعد دونوں بے ہوش ہوگئے اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ ابتدائی طور پر پولیس نے بھی موت کی وجہ گڑھے میں موجود زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی سنتی کوپا پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچے اور مقامی لوگوں کی مدد سے دونوں لاشوں کو گڑھے سے باہر نکالا۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مڈیکیری ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا۔ سوموارپیٹ پولیس نے معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد مڈیکیری کے رکن اسمبلی منتر گوڈا نے اسپتال پہنچ کر متوفین کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

نیتیا اپنے شوہر اور دو بچوں کو، جبکہ جناردھن اپنی اہلیہ اور تین بچوں کو پیچھے چھوڑ گئے ہیں۔ ایک خاتون کو بچانے کی کوشش میں دوسرے شخص کی بھی جان چلے جانے کے اس واقعے نے علاقے میں غم و افسوس کی لہر دوڑا دی ہے۔


Share: