ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کمٹہ : ریاستی سطح پر دوسرا رینک پانے والے طالب علم دیشانت نائک نے کہا : موسیقی اور ایکٹنگ سے پڑھائی میں مدد ملی

کمٹہ : ریاستی سطح پر دوسرا رینک پانے والے طالب علم دیشانت نائک نے کہا : موسیقی اور ایکٹنگ سے پڑھائی میں مدد ملی

Fri, 24 Apr 2026 17:48:06    S O News
کمٹہ : ریاستی سطح پر دوسرا رینک  پانے والے طالب علم دیشانت نائک نے کہا : موسیقی اور ایکٹنگ سے پڑھائی میں مدد ملی

کمٹہ ،25 / اپریل (ایس او نیوز) امسال دسویں کے پبلک امتحان میں 99.84% مارکس حاصل کرتے ہوئے ریاستی سطح پر دوسرا اور ضلع و تعلقہ سطح پر پہلا رینک حاصل کرنے والے کمٹہ کے طالب دیشانت نائک نے کہا کہ مسلسل پڑھائی کے ساتھ موسیقی، ایکٹنگ، تقریر اور ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے دل کو سکون ملتا تھا اور اس سے پڑھائی کرنے میں مدد ملتی تھی۔

ڈاکٹر اے بی بالیگا انگلش میڈیم ہائی اسکول کا طالب علم دیشانت کمٹہ پولیس اسٹیشن میں ہیڈ کانسٹیبل کی خدمات پر فائز دیانند نائک اور کاگل اردو ہائی اسکول میں انگلش اور سائنس کی ٹیچر پریا نائک کا بیٹا ہے ۔

دیشانت کے والد دیانند نائک نے بتایا کہ میرے لئے پولیس کی ذمہ داریوں کی وجہ سے اپنے بیٹے کی پڑھائی کے سلسلے میں زیادہ توجہ دینا ممکن نہیں ہوتا تھا ۔ میں بس اس کی ضروریات پوری کرتا تھا ۔ جبکہ اس کی ماں خود بھی ایک ٹیچر ہونے کی وجہ سے اس کی پڑھائی کی پوری نگرانی کیا کرتی تھی ۔

اس کی ماں پریا نائک نے بتایا کہ دیشانت نے صرف اول زبان انگلش کے مضمون میں ایک مارک کم حاصل کیا ہے اور بقیہ تمام مضامین میں اس نے صد فی صد مارکس حاصل کیے ہیں ۔ میں چونکہ سائنس کی ٹیچر ہوں اس لئے دیشانت کے حساب کے مسائل حل کرنے میں اس کا تعاون کرتی تھی ۔ اسکول کی پڑھائی کے سوا اس نے پرائیویٹ ٹیوشن نہ لیتے ہوئے گھر پر ہی پڑھائی کرنے کو ترجیح دی تھی ۔ یہ قابل رشک بات ہے ۔


Share: