بھٹکل ، 28 / اپریل (ایس او نیوز) مشہور سیاحتی مرکز کے طور پر معروف ساحلی شہر مرڈیشور اور اس کے اطراف میں سڑکوں کی جو درگت بنی ہوئی ہے اور اس کی وجہ سے عوام کو جن مشکلات کا سامنا ہے اس پس منظر میں یہاں کے عوام نے سرکاری محکمہ جاتی افسران اور بالخصوص ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔
مقامی عوام کا کہنا ہے کہ بستی مکّی سے نیشنل کالونی تک جانے والی سڑک گزشتہ کئی برسوں سے بدحالی کا شکار ہے ۔ گزشتہ پانچ مہینے قبل 'مرمت' کے نام پر یہاں سڑک پر صرف جیلّی بچھا دی گئی ہے اور کام کو ادھورا چھوڑا گیا ہے ۔ اس جیلّی کی وجہ سے چلنے پھرنے اور موٹر گاڑیاں چلانے میں بڑی دشواری پیش آ رہی ہے ۔ خاص طور پر اس سڑک پر دو پہیہ گاڑیاں چلانے کا مطلب اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے کے برابر ہو گیا ہے کیونکہ گاڑی کے پہیے پھسلنے اور حادثات پیش آنے کا خدشہ مسلسل بنا رہتا ہے ۔

عوام کا الزام ہے کہ اس معاملے پر کئی مرتبہ ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا کی توجہ مبذول کروائی گئی ہے لیکن تا حال اس کا کوئی نتیجہ نکلا ہے ۔ عوام نے اس بات پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا کہ وزیر موصوف نے انتخابات کے موقع پر کئی ترقیاتی کاموں کے وعدے کیے گئے تھے، لیکن اب ان سے رابطہ کرنا ہی مشکل ہو گیا ہے ۔
اس علاقے کے ناراض رہائشیوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری افسران اور ٹھیکیدار کی طرف سے اس معاملے پر فوری توجہ دی جائے ورنہ آنے والے دنوں میں سخت احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ۔
