ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل مُورین کٹے معاملے کو لے کر50 سے زائد گرفتاریاں؛ کئی لوگوں کی تلاش ہنوز جاری

بھٹکل مُورین کٹے معاملے کو لے کر50 سے زائد گرفتاریاں؛ کئی لوگوں کی تلاش ہنوز جاری

Tue, 26 May 2026 20:50:09    S O News
بھٹکل مُورین کٹے معاملے کو لے کر50 سے زائد گرفتاریاں؛ کئی لوگوں کی تلاش ہنوز جاری

بھٹکل 26/مئی (ایس او نیوز) : نوائط کالونی میں اولڈ سٹی لائٹ ہوٹل کے قریب پیش آئے مُورین کٹّے تنازعہ کے سلسلے میں بھٹکل پولیس نے اب تک 50 سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے۔ جس  میں سنگھ پریوار سے وابستہ کارکنان بھی شامل ہیں، جبکہ کئی دیگر نوجوانوں کی تلاش ہنوز جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق، گرفتار کئے گئے  کئی  افراد کو بعد ازاں ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے، تاہم کئی ملزمان اب بھی کاروار جیل میں بند ہیں۔

بھٹکل میں فی الحال حالات پُرامن ہیں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ویسٹرن رینج کے انسپکٹر جنرل آف پولیس امِت سنگھ  گزشتہ دو دنوں سے بھٹکل میں قیام کئے ہوئے ہیں اور حالات کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ  اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر  لکشمی پریا، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیپن ایم این  ، ایڈیشنل ایس پی، بھٹکل ڈی وائی ایس پی سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی بھٹکل میں موجود رہ کر صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے شہر میں اضافی پولیس فورس تعینات کی گئی ہے اور مختلف حساس مقامات پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ بھٹکل سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 28 مئی کو عیدالاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔ اسی تناظر میں احتیاطی اقدام کے طور پر بھٹکل میں 27 مئی کی شام تک امتناعی احکامات نافذ کئے گئے ہیں، جن کے تحت جلوس، اجتماعات اور احتجاجی مظاہروں پر پابندی عائد رہے گی۔


Share: