ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی، بعض علاقوں میں شدید بارش کا امکان

کرناٹک میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی، بعض علاقوں میں شدید بارش کا امکان

Thu, 07 May 2026 12:08:22    S O News

بنگلورو  7/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) محکمہ موسمیات بنگلورو نے کرناٹک کے لیے آئندہ چند دنوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ کے مطابق شمالی تلنگانہ کے اوپر ایک بالائی فضائی گردشی نظام برقرار ہے، اسی طرح خلیجِ منار کے اطراف بھی ایک اور موسمی نظام فعال ہے۔ مزید برآں شمالی اندرونی کرناٹک سے خلیجِ منار تک ہوائی دباؤ میں غیر تسلسل کی کیفیت موجود ہے، جو ریاست میں موسم کی صورتحال پر اثر انداز ہو رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئندہ 6 سے 10 مئی کے دوران اندرونی کرناٹک کے بعض علاقوں میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ ساحلی کرناٹک میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 7 اور 8 مئی کو جنوبی اندرونی کرناٹک کے بعض مقامات پر شدید بارش ہوسکتی ہے، خاص طور پر ہاسن، کوڈاگو، میسورو اور منڈیا اضلاع میں۔

تفصیلات کے مطابق بنگلورو سمیت جنوبی کرناٹک کے کئی اضلاع میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ شام یا رات کے اوقات میں ہلکی سے معتدل بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 34 تا 35 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 22 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کی توقع ہے۔

ساحلی علاقوں جیسے  دکشن کنڑا  اور اُڈپی میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ کچھ مقامات پر موسم خشک رہ سکتا ہے۔یہ اطلاع ڈاکٹر این پویاراسن ، سائنسداں ‘ایف’ و سربراہ، محکمہ موسمیات بنگلورو کی جانب سے فراہم کی گئی ہے۔


Share: