ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور: قدرتی آفات کے متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جائے، تاخیر برداشت نہیں ہوگی: وزیر یو ٹی قادر

مینگلور: قدرتی آفات کے متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جائے، تاخیر برداشت نہیں ہوگی: وزیر یو ٹی قادر

Wed, 05 Aug 2026 20:16:00    S O News
مینگلور: قدرتی آفات کے متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جائے، تاخیر برداشت نہیں ہوگی: وزیر یو ٹی قادر

منگلورو، 5 اگست (ایس او نیوز) : کرناٹک کے وزیر برائے صحت و خاندانی بہبود یو ٹی قادر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ لینڈ سلائیڈ، موسلا دھار بارش، مکانات کے انہدام اور دیگر قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو حکومتی ضابطوں کے مطابق امدادی رقم فوری طور پر جاری کی جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

بدھ کے روز بیلتنگڈی تعلقہ کے مختلف بارش سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کرنے کے بعد تعلقہ پنچایت ہال میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ بارش کے سبب مکانات منہدم ہونے، جانی نقصان اور گھروں میں پانی داخل ہونے کے واقعات میں متاثرین کو فوری راحت فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ بارش سے متاثرہ سرکاری اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز کی مرمت اور بحالی کے کام دستیاب فنڈز سے ترجیحی بنیاد پر انجام دیے جائیں۔ جنگلات، میسکام اور مقامی پنچایتوں کے درمیان بہتر تال میل کے ذریعے ممکنہ حادثات کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے۔

یو ٹی قادر نے ہدایت دی کہ مانسون کے دوران تمام سرکاری افسران مکمل طور پر مستعد رہیں، عوام کی خدمت کے لیے چوبیس گھنٹے دستیاب ہوں اور کنٹرول روم ہر وقت فعال حالت میں کام کرے۔

اجلاس میں پونجلکٹے سے چارمڈی تک جاری قومی شاہراہ کے کام کے دوران مختلف مقامات پر پانی جمع ہونے سے متعلق عوامی شکایات پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تمام مسائل کی نشاندہی کرکے مرحلہ وار ان کا حل نکالا جائے۔

انہوں نے زراعت اور باغبانی محکمہ کو بھی ہدایت دی کہ کسانوں کے فصل بیمہ کے دعوے جلد از جلد منظور کیے جائیں۔

اجلاس میں محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے حکام نے بتایا کہ گرووایانکیری۔اُپّیننگڈی سڑک کی ترقی کے لیے 12 کروڑ روپے کی منظوری دی جا چکی ہے اور تعمیراتی کام جلد شروع ہوگا۔

وزیر نے کہا کہ بیلتنگڈی ٹاؤن پلاننگ اتھارٹی کے قیام کی تجویز پر غور کیا جائے گا، جبکہ گرام پنچایتوں میں عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔

اس موقع پر وزیر یو ٹی قادر نے نیلیاڈی علاقے میں جنگلی ہاتھی کے حملے میں جان گنوانے والے شخص کے اہل خانہ کو 15 لاکھ روپے کے معاوضے کی منظوری کا حکم نامہ بھی حوالے کیا۔

اجلاس میں میسکام کے صدر ہریش کمار، ضلع ڈپٹی کمشنر درشن ایچ وی، ڈی سی پی روی شنکر سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

اس سے قبل وزیر نے گورنگانا، پتر بائیلو، لائیلا اور دیگر بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، نقصانات کا جائزہ لیا اور مقامی عوام سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے۔


Share: