نئی دہلی ، 3/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)لوک سبھا کے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے پونے کی خصوصی ایم پی؍ایم ایل کورٹ میں ہتک عزت کا مقدمہ زیر سماعت ہے۔ راہل پر الزام ہے کہ انہوں نے ونایک دامودر ساورکر پر جھوٹے الزامات لگا کر انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔ سنیچر کو اس معاملے میں سماعت ہوئی جس میں ساورکر کے پوتے ساتیاکی ساورکر نے اعتراف کیا کہ نام نہاد مجاہد آزادی ساورکر کو مہاتما گاندھی قتل کیس میں ملزم نامزد کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بعد میں انہیں بری کر دیا گیا تھا۔
یہ سماعت خصوصی جج امول شری رام شندے کی عدالت میں جاری ہے۔ جرح کے دوران راہل گاندھی کے وکیل ایڈوکیٹ ملند دتاترے پوار نے ساتیاکی ساورکر سےکئی سوالات کئے جن کا تعلق ساورکر کے نظریات اور تاریخی واقعات سے تھا۔ ساتیاکی نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ونایک دامودر ساورکر نے اپنی قید کے دوران برطانوی حکومت کو پانچ مرتبہ رحم کی درخواستیں پیش کی تھیں۔ ساتیاکی سے یہ بھی اعتراف کیا کہ دیگر لوگوں نے بھی ساورکر کے خلاف بیانات دیئے ہیں یا مضامین لکھے ہیں لیکن ان پر کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ وکیل نے نرنجن ٹکلے کے مضمون اور پرکاش امبیڈکر کے بیان کا حوالہ دیا۔ ساتیاکہ نے مضمون کا اعتراف کیا اور امبیڈکر کے بیان کے تعلق سے کہا انہوں نے بیان نہیں سنا۔