سرسی، 14 / جون (ایس او نیوز) ریاست میں چل رہے ایس آئی آر کی کارروائی کے دوران کسی بھی اہل ووٹر کا نام فہرست سے خارج نہ ہونے کو یقینی بنانے اور کسی بھی نا اہل ووٹر کا نام فہرست میں شامل ہونے سے روکنے کے تعلق سے بوتھ لیول ایجنٹس کو نگرانی کی تربیت دینے کے لئے ضلع کانگریس کمیٹی آگے آئی ہے۔
جبکہ کانگریس پارٹی کارکنان کے اندر اس بات پر بھی ناراضی دیکھی گئی ہے کہ پارٹی نے بلاک سطح پر اس طرح کی تربیت کا کوئی انتظام نہیں کیا ہے۔
ریاست میں کسی بھی اہل ووٹر کا نام فہرست میں شامل ہونے سے نہ رہ جائے اس بات کا خیال رکھنے کے لئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی [اے آئی سی سی] نے ہدایت جاری کی ہے۔ اسی پس منظر میں کرناٹکا پردیش کمیٹی (کےپی سی سی) نے ہر ضلع میں پارٹی کی طرف سے نگران مقرر کیے ہیں۔ اتر کنڑا ضلع کے لئے ایم ایل اے بھیمنّا نائک اور اے آئی سی سی سیکریٹری انجلی نمبالکر کو اس کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
اس منصوبے کے تحت ضلع کانگریس کے ذمہ داران ہر بلاک میں پہنچ کر تربیت کاروں کے ذریعے پارٹی کے لیڈروں کو معلومات فراہم کرنا چاہیے۔ لیکن پارٹی کارکنان کا الزام ہے ابھی تک بلاک سطح پر اس طرح کی کوئی سرگرمی شروع نہیں ہوئی ہے۔
دوسری طرف یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ سرسی میں اجتماعی تربیت کا جو پروگرام طے کیا گیا تھا اس میں کئی تربیت کار حاضر نہ ہونے کی وجہ سے بوتھ لیول پر عوامی بیداری لانے کا کام ہو نہیں پائے گا۔ اس کے علاوہ پارٹی کارکنان میں اس بات پر بھی ناراضی ہے کہ ریاست کے تمام اضلاع میں کانگریس پارٹی کی طرف سے تربیت اور بیداری کا کام کیا گیا ہے، لیکن ضلع اتر کنڑا میں پارٹی کے پانچ اراکین اسمبلی ہونے کے باوجود صرف سرسی میں ایک دن کی تربیت کا انتظام کرکے ایس آئی آر کی اہمیت کے بارے میں لاتعلقی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
ایس آر آئی کے تحت الیکشن کمیشن کے آفیشل پورٹل پر ووٹر لسٹ میں نئے نام داخل کرنے، نام خارج کرنے یا کسی بھی قسم کی اصلاح کرنے کے لئے درخواست جمع کرنے کی گنجائش دی گئی ہے۔ ایس آئی آر سے متعلقہ کارروائیوں کا جائزہ اور سروے کرنے کے لئے کانگریس پارٹی نے اپنے کارکنان کو ذمہ داریاں سونپنے کی تیاری کی ہے اور بوتھ لیول سطح پر نئی ووٹر لسٹ کی تیاری کے سلسلے میں نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
ووٹر لسٹ میں شامل رہنے یا نہ رہنے کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے 'نیشنل ووٹر سروس پورٹل' یا پھر الیکشن کمیشن کے ووٹر سروس پورٹل سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ایس آئی آر 2026 کے بارے میں ضلع ڈپٹی کمشنر اور ضلع الیکشن آفیسر عوام کو ہر قسم کی معلومات فراہم کر رہے ہیں۔