ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرسی : بینائی سے محروم 'فیل' قرار دی گئی طالبہ مارکس کی دوبارہ گنتی کے بعد ہوگئی 'پاس' !

سرسی : بینائی سے محروم 'فیل' قرار دی گئی طالبہ مارکس کی دوبارہ گنتی کے بعد ہوگئی 'پاس' !

Sat, 25 Apr 2026 17:42:53    S O News
سرسی : بینائی سے محروم 'فیل' قرار دی گئی طالبہ مارکس کی دوبارہ گنتی کے بعد ہوگئی 'پاس' !

سرسی،  25 / اپریل (ایس او نیوز) ریاستی ایس ایس ایل سی بورڈ کے حالیہ نتائج میں سرسی کی بینائی سے محروم جس طالبہ کو ایک مضمون میں غیر حاضر رہنے کی وجہ سے 'فیل' کیا گیا تھا اس کے پرچوں کی دوبارہ جانچ کے بعد اسے مجموعی طور پر 96.48 فی صد مارکس کے 'پاس' قرار دیا گیا ہے ۔
    
یہ معاملہ سرسی کے یونین اسکول کی طالبہ لیزا خانم کا ہے جو پیدائشی طور پر بینائی سے محروم ہے ۔ اپنی اس معذوری کے باوجود اس نے بڑی محنت سے پڑھائی کرتے ہوئے ایس ایس ایل سی کا امتحان دیا تھا ۔ لیکن ابھی جو نتائج کا اعلان ہوا تو پرچے جانچنے والوں کی غلطی سے اس کو ایک مضمون میں 'غیر حاضر' دکھاتے ہوئے امتحان میں ناکام قرار دیا گیا تھا ۔ 
    
چونکہ یہ طالبہ نے تمام پرچوں کے امتحان میں حاضر رہی تھی تو اس نے اس نتیجے کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے اپنے پرچوں کی دوبارہ جانچ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مقامی ایم ایل اے بھیمنّا نائک نے براہ راست وزیر تعلیم مدھو بنگارپّا کو فون کے ذریعے اس معاملے سے آگاہ کرتے ہوئے اس باصلاحیت طالبہ کے ساتھ ہوئی ناانصافی  کو درست کرنے کی مانگ کی ۔ 
    
ساحل آن لائن سمیت دیگر میڈیا والوں نے بھی اس معاملے کو اہمیت کے ساتھ شائع کیا اور آنکھوں سے معذور اس طالبہ کے ساتھ انصاف کرنے کا مطالبہ رکھا ۔  ایم ایل اے کی کوشش اور میڈیا کا دباو سامنے آتے ہی امتحانی بورڈ کے افسران حرکت میں آئے اور جانچ میں ہوئی ٹیکنیکل غلطی کا اقرار کیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ بورڈ کے ڈائریکٹر نے بذات خود لیزا سے بات چیت کی اور اسے تسلّی دی ۔
    
پرچوں کی دوبارہ جانچ کے بعد اس کا جو نیا مارکس کارڈ بنا ہے اس کے مطابق لیزا نے کُل 626 میں  603 مارکس حاصل کیے ہیں جس کی بنیاد پر اس کا مجموعی فی صد 96.48 نکلا ہے اور وہ ڈسٹنکشن درجے میں کامیاب قرار پائی ہے ۔ 
    
نیا نتیجہ سامنے آنے کے بعد لیزا خانم  اور اس کے والدین نے ایم ایل اے بھیمنّا نائک، ڈپٹی ڈائریکٹر آف پبلک انسٹرکشن [ڈی ڈی پی آئی] ڈی آر نائک، بلاک ایجوکیشن آفیسر ناگ راج نائک اور اس معاملے کو سرخیوں میں لانے والے تمام میڈیا والوں کا شکریہ ادا کیا ۔ لیزا کے والد نے بڑے جذباتی انداز میں کہا کہ "ہماری بچی کی محنت بالآخر رنگ لائی ہے ۔ افسران نے فوری طور پر اس معاملے پر توجہ دی، اس کے لئے ہم ان کے ممنون ہیں ۔"


Share: