ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / وارانسی میں عورت کو ٹکر مارنے کے بعد عوام نے تاجر کو اتارا موت کے گھاٹ؛ ٹکر کھانے والی خاتون زخمی

وارانسی میں عورت کو ٹکر مارنے کے بعد عوام نے تاجر کو اتارا موت کے گھاٹ؛ ٹکر کھانے والی خاتون زخمی

Wed, 29 Apr 2026 01:40:04    S O News

وارانسی، 28 اپریل (ایس او نیوز): ریات اتر پردیش کے وارانسی میں ایک سڑک حادثہ اس وقت ہولناک رخ اختیار کر گیا جب مشتعل ہجوم نے ایک تاجر کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔ یہ واقعہ پھولپور تھانہ حدود کے ایک گاؤں میں پیش آیا، جس نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، اتوار کی رات تقریباً 11 بجے منیش کمار سنگھ نامی تاجر اپنی کار پر سوار فیکٹری سے گھر جا رہا تھا کہ اس دوران اس کی گاڑی سڑک کنارے موجود بندو پرجاپتی نامی خاتون سے ٹکرا گئی، جو اس وقت سڑک کے قریب برتن دھو رہی تھی۔ حادثے میں خاتون زخمی ہو گئی۔ رپوڑٹس کے مطابق ٹکر لگنے کے فوراً بعد منیش سنگھ کار سے باہر آیا اور زخمی خاتون کی مدد کرنے کی کوشش کی، تاہم اسی دوران موقع پر موجود افراد مشتعل ہو گئے…”

عینی شاہدین کے مطابق، حادثے کے فوراً بعد موقع پر موجود افراد اور خاتون کے رشتہ دار مشتعل ہو گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے ہجوم نے منیش سنگھ کو لاٹھیوں اور دیگر اشیاء سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ بری طرح زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق زخمی تاجر کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے اسے بہتر علاج کے لیے بی ایچ یو ٹراما سینٹر لے جایا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

دوسری جانب زخمی خاتون بندو پرجاپتی کو بھی علاج کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور قانونی کارروائی شروع کی۔ حکام کے مطابق اس معاملے میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اب تک 8 نامزد اور متعدد نامعلوم افراد کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے۔

پولیس نے ابتدائی طور پر چند ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور علاقے میں اضافی پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، ملزمان کی تلاش کے دوران پولیس کی خصوصی ٹیم (SOG) پر بھی مشتعل ہجوم نے حملہ کیا اور کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے مزاحمت کے باوجود کارروائی جاری رکھتے ہوئے کچھ مزید افراد کو گرفتار کر لیا۔

ادھر، متوفی منیش سنگھ کے اہلِ خانہ اور حامیوں نے واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری اور سخت سزا کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے کچھ وقت کے لیے سڑک پر دھرنا بھی دیا، جس کے باعث ٹریفک متاثر ہوئی۔ پولیس حکام نے مظاہرین سے بات چیت کر کے صورتحال کو معمول پر لایا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور تمام ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔


Share: