جوہانسبرگ ، 10/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی )جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے مشرق میں کلیولینڈ واقع ایک عارضی بستی میں فائرنگ کا ہولناک واقعہ پیش آیا ہے۔ اس پرتشدد واقعے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور 9 دیگر زخمی ہو گئے۔ جنوبی افریقی پولیس سروس نے بتایا کہ گزشتہ دیر رات تقریباً 11:10 بجے جمپرز کی عارضی بستی میں گولی چلنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ پولیس افسران نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔
پولیس کوعلاقے کے مختلف مقامات پر کئی زخمی لوگ ملے ہیں۔ جائے وقوع پر 8 مرد اور 3 خواتین کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ ایک دیگر نے دوران علاج اسپتال میں دم توڑ دیا۔ زخمیوں کو فوری علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔ پولیس کے مطابق 10 سے زائد مشتبہ افراد کو ایک سفید ٹویوٹا کوانٹم گاڑی سے بستی کے پاس چھوڑا گیا تھا۔
حملہ آوروں نے بستی میں داخل ہونے کے لیے 2 الگ الگ راستوں کا استعمال کیا۔ وہ مقامی کمیونٹی کے اندر گھومتے ہوئے لوگوں پراندھا دھند گولی باری کرتے رہے۔ گولی باری کے بعد تمام مشتبہ افراد اسی سفید ٹویوٹا کوانٹم گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے اپنے بیان میں بتایا کہ مشتبہ لوگوں کو کلیولینڈ میں ایک پٹرول پمپ کے پاس اتارا گیا تھا۔
اس خونی حملے کا مقصد ابھی تک واضح نہیں ہو پایا ہے۔ اس معاملے میں تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ افسران کی جانب سے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر مہم شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے اس واردات سے متعلق کوئی بھی معلومات شیئر کرنے کی اپیل کی ہے۔ خبروں کے مطابق جنوبی افریقہ میں پرتشدد جرائم کی سطح لگاتار اونچی بنی ہوئی ہے۔ یہ ملک دنیا میں سب سے زیادہ قتل کی شرح والے مقامات میں سے ایک شمار ہوتا ہے۔