نئی دہلی ،9/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دیوالی کی رات دہلی میں پٹاخوں کے دھوئیں سے آلودگی خطرناک سطح پر پہنچ گئی، جو لوگوں کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ اس معاملہ پر سیاسی بیان بازی بھی شروع ہو گئی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اجئے ماکن نے دہلی میں فضائی معیار کی نگرانی کے نظام پر سنگین تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ دیوالی کی رات راجدھانی کے 39 آلودگی مانیٹرنگ اسٹیشنوں میں سے 25 اسٹیشنوں پر پی ایم 2.5 کا ڈاٹا درج نہیں کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں اجئے ماکن نے بتایا کہ جن 9 اسٹیشنوں کا ڈاٹا دستیاب تھا، وہاں آلودگی کی اوسط سطح عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی 24 گھنٹے کی مقررہ حد سے 38.4 گنا زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ 8 اور 9 نومبر کی درمیانی شب 2 بجے سے 3 بجے کے درمیان اہم اعداد و شمار غائب تھے، جبکہ جن 9 اسٹیشنوں کا ڈاٹا دستیاب تھا، وہاں آلودگی کی سطح عالمی ادارۂ صحت کی 24 گھنٹے کی مقررہ حد سے 38.4 گنا زیادہ تھی۔ ماکن نے مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 8 اور 9 نومبر کی درمیانی رات 2 بجے سے 3 بجے کے درمیان 25 مانیٹرنگ اسٹیشنوں پر پی ایم 2.5 کی کوئی ریڈنگ درج نہیں کی گئی۔ یہ ان 39 اسٹیشنوں میں شامل ہیں، جن کا ڈاٹا گزشتہ دیوالی کی رات بھی درج کیا گیا تھا۔
کانگریس لیڈر نے ان 25 مانیٹرنگ اسٹیشنوں کی فہرست بھی جاری کی، جہاں اس دوران ریڈنگ دستیاب نہیں تھی۔ ان میں آنند وہار، اشوک وہار، آیا نگر، باوانا، سی آر آر آئی متھرا روڈ، چاندنی چوک، دوارکا سیکٹر 8، آئی ایم ڈی لودھی روڈ، آئی ٹی او، جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم، مندر مارگ، منڈکا، این ایس آئی ٹی دوارکا، نجف گڑھ، نریلا، نہرو نگر، نارتھ کیمپس ڈی یو، اوکھلا فیز 2، پنجابی باغ، پوسا، آر کے پورم، شادی پور، سری فورٹ، شری اروبندو مارگ اور وزیر پور شامل ہیں۔ باقی 9 اسٹیشنوں پر درج آلودگی کی سطح کا ذکر کرتے ہوئے ماکن نے بتایا کہ رات 2 بجے سے 3 بجے کے درمیان پی ایم 2.5 کی اوسط سطح 576 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہی۔ گزشتہ دیوالی پر اسی وقت کے دوران یہ سطح 562 مائیکروگرام فی مکعب تھی، یعنی اس میں 2.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ماکن نے دیوالی کی دونوں راتوں میں شام 6 بجے کے بعد پی ایم 2.5 کی اوسط فی گھنٹہ سطح کا موازنہ بھی پیش کیا۔ ان کی پوسٹ میں دیے گئے اعداد و شمار کے مطابق، شام 6 بجے پی ایم 2.5 کی اوسط سطح 141 مائیکروگرام فی مکعب تھی، جبکہ گزشتہ دیوالی پر یہ 107 مائیکروگرام فی مکعب درج کی گئی تھی۔ اس طرح اس میں 31.5 فیصد اضافہ ہوا۔ شام 7 بجے یہ سطح 181 مائیکروگرام فی مکعب رہی، جبکہ گزشتہ دیوالی پر 146 مائیکروگرام فی مکعب تھی، یعنی اس میں 23.9 فیصد اضافہ ہوا۔ رات 8 بجے اوسط سطح 265 مائیکروگرام فی مکعب تھی، جبکہ گزشتہ دیوالی پر یہ 222 مائیکروگرام فی مکعب تھی، جو 19.4 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتی ہے۔ رات 9 بجے یہ بڑھ کر 403 مائیکروگرام فی مکعب تک پہنچ گئی، جبکہ گزشتہ دیوالی پر 354 مائیکروگرام فی مکعب تھی۔ اس طرح اس میں 13.8 فیصد اضافہ ہوا۔
اعداد و شمار سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ رات 10 بجے پی ایم 2.5 کی سطح 506 مائیکروگرام فی مکعب تھی، جو عالمی ادارۂ صحت کی مقررہ حد سے 33.7 گنا زیادہ ہے۔ رات 11 بجے یہ بڑھ کر 515 مائیکروگرام فی مکعب تک پہنچ گئی، جو ڈبلیو ایچ او کی حد سے 34.4 گنا زیادہ ہے۔ رات 12 بجے اوسط سطح 610 مائیکروگرام فی مکعب تک پہنچ گئی، جو ڈبلیو ایچ او کی مقررہ حد سے 40.6 گنا زیادہ ہے۔ اس کے بعد رات ایک بجے یہ 597 مائیکروگرام فی مکعب رہی، جو ڈبلیو ایچ او کی حد سے 39.8 گنا زیادہ ہے، اور پھر رات 2 بجے کم ہو کر 576 مائیکروگرام فی مکعب رہ گئی۔
دوسری طرف عام آدمی پارٹی (عآپ) نے بھی دہلی میں آلودگی کے معاملے پر سوال اٹھائے ہیں۔ پارٹی نے حکومت پر اے کیو آئی کے اعداد و شمار میں رد و بدل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آلودگی کے صحیح اعداد و شمار جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ پارٹی لیڈر سوربھ بھاردواج نے الزام لگایا کہ مانیٹرنگ اسٹیشن بند کر دیے گئے ہیں اور دہلی کے دور دراز اور سرسبز علاقوں میں 20 نئے اے کیو آئی اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریڈنگ میں رد و بدل کرنے کے لیے آلودہ علاقوں میں مانیٹرنگ اسٹیشنوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ مقامات پر اے کیو آئی 3000 سے تجاوز کر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’حکومت کے اعداد و شمار دھوکہ دہی پر مبنی ہیں۔ ہم نے دکھایا ہے کہ کس طرح مانیٹرنگ اسٹیشن بند کر دیے گئے اور دہلی کے دور دراز اور سرسبز علاقوں میں 20 نئے اے کیو آئی اسٹیشن قائم کیے گئے۔ لوگ حکومت کے اے کیو آئی کے اعداد و شمار پر بھروسہ نہیں کرتے، اور میں تو بالکل بھی نہیں کرتا۔‘‘
عآپ لیڈر نے خبردار کیا کہ پی ایم 2.5 ذرات کی سطح اس قدر زیادہ ہونے پر یہ ذرات خون میں شامل ہو جاتے ہیں اور دل کی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے دل کا دورہ پڑنے اور دمے کے مریض بچوں کے لیے سانس کی ناکامی کا سبب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’غلط اعداد و شمار بتا کر حکومت لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے۔ حکومت کے لیے میرا پیغام ہے کہ اگر آپ پٹاخوں کو فروغ دے رہے ہیں تو اس کی ذمہ داری قبول کریں، پوری ذمہ داری لیں۔ آپ دھوکہ دہی نہیں کر سکتے، آپ کو سچ بتانا ہوگا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ذمہ داری قبول کریں اور عوام کو اے کیو آئی کے صحیح اعداد و شمار بتائیں، ورنہ کمزور شہری، یعنی بیمار، بزرگ اور بچے، اپنی جان گنوا سکتے ہیں۔‘‘