بنگلورو، 24 نومبر (ایس او نیوز): کرناٹک کے عظیم سماجی مصلح بسونا کی توہین پر مشتمل کتاب بسوا منٹپا کے خلاف ریاست بھر میں احتجاج شدت اختیار کرگیا ہے۔ اس تنازع کے درمیان کتاب کے مصنف روی ہنج کو لوک آؤٹ نوٹس کی بنیاد پر کیرالا کے کوچی ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا اور اسے کرناٹک پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق، وہ دبئی جانے والی پرواز میں سوار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔ یہ گرفتاری 21 نومبر کو عمل میں آئی۔ اس معاملے میں مصنف کے ساتھ کتاب کے ناشر اور کنڑا روزنامہ ’وشواوانی‘ کے مدیر وشویشور بھٹ کے خلاف بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کرناٹک کی ریاستی کابینہ نے کتاب ضبط کرنے اور متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ مختلف لنگایت تنظیمیں مصنف اور ناشر کی گرفتاری، کتاب پر پابندی اور معاملے کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کے ذریعے جانچ کا مطالبہ کررہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، تقریباً 600 صفحات پر مشتمل بسوا منٹپا کتاب روی ہنج کے ان مضامین کا مجموعہ ہے جو گزشتہ ایک سے دو برس کے دوران ’وشواوانی‘ اخبار میں شائع ہوئے تھے۔ کتاب 15 نومبر کو بنگلورو کے ایف کے سی سی آئی آڈیٹوریم میں جاری کی گئی تھی۔ اس سے قبل 13 نومبر کو ’وشواوانی‘ کے چینل کے دفتر میں کتاب کے حوالے سے دیے گئے انٹرویو میں روی ہنج کے بیانات بھی تنازع کا سبب بنے تھے۔
بسوا سمیتی کے صدر ارویند جتی نے شکایت میں الزام لگایا کہ مصنف نے بسونا کے معروف وچن ’’کلبیڑا، کولبیڑا، ہوسی نودیلو بیڑا‘‘ یعنی چوری نہ کرو، قتل نہ کرو اور جھوٹ نہ بولو، کو اس انداز میں پیش کیا کہ بسونا کو ہی چور اور قاتل کے طور پر دکھانے کی کوشش کی گئی۔ شکایت کے مطابق، مصنف نے لنگایت لفظ کو بگاڑ کر ’لنگاہت‘ کہا اور لنگایت مذہب، اس کے رہنماؤں اور مذہبی شخصیات کے بارے میں بھی قابل اعتراض بیانات دیے۔ شکایت میں یہ بھی کہا گیا کہ کلیان کی تاریخی جدوجہد اور بسونا کے کردار کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔
رپورٹوں کے مطابق، بنگلورو کے ہائی گراؤنڈس پولیس اسٹیشن میں روی ہنج اور وشویشور بھٹ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ پولیس نے بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 192، 196(1)، 353(2) اور 299 کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ بیلگاوی کے مارکیٹ پولیس اسٹیشن میں بھی روی ہنج کے خلاف الگ ایف آئی آر درج ہوئی۔ بعد ازاں ریاست کے مختلف مقامات پر مزید شکایات اور مقدمات درج کیے گئے۔ اطلاعات کے مطابق، آر ایس ایس کی وچار دھارا کا پرچار کرنے والے روی ہنج کے خلاف مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر چھ ایف آئی آر درج ہوچکی ہیں۔
احتجاج اور شکایات کے بعد وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کی صدارت میں 19 نومبر کو منعقدہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں بسوا منٹپا کی کاپیاں ضبط کرنے اور مصنف روی ہنج اور ناشر وشویشور بھٹ کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ نائب وزیر اعلیٰ جی پرمیشور نے کابینہ کے فیصلے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے کتاب ضبط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر موجود متعلقہ ویڈیوز کو ہٹانے کے لیے مرکزی حکومت سے رجوع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر ایشور کھنڈرے نے بھی روی ہنج کے بیانات کو بسوا بھکتوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بھی واضح کیا کہ بسونا کی توہین برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ایف آئی آر درج ہونے کے بعد روی ہنج پولیس کے رابطے میں نہیں آرہا تھا۔ پولیس نے ان کے معلوم پتے پر نوٹس بھیجا، لیکن وہ وہاں بھی دستیاب نہیں ہوا۔ اس کے بعد بیلگاوی پولیس نے اس مبینہ نفرت پھیلانے والے شخص کے خلاف لوک آؤٹ نوٹس جاری کیا تاکہ وہ ملک سے باہر نہ جاسکیں۔
21 نومبر کو کوچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن اور سکیورٹی عملے نے لوک آؤٹ نوٹس کی بنیاد پر روی ہنج کو روک لیا۔ اطلاعات کے مطابق، وہ دبئی جانے والی پرواز میں سوار ہونے کی تیاری کررہا تھا۔ ایئرپورٹ حکام نے کرناٹک پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس ٹیم کوچی پہنچی اور اسے اپنی تحویل میں لے کر کرناٹک منتقل کیا۔
کتاب کے خلاف احتجاج صرف بنگلورو تک محدود نہیں رہا۔ بیلگاوی، بیدر، گلبرگہ اور شمالی کرناٹک کے دیگر علاقوں میں مختلف لنگایت تنظیموں نے مظاہرے کیے۔ بیدر میں 19 نومبر کو جبکہ بیلگاوی میں 20 نومبر کو جگتک لنگایت مہاسبھا اور مختلف مٹھوں سے وابستہ رہنماؤں کی قیادت میں احتجاج کرتے ہوئے روی ہنج کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔
گلبرگہ میں 21 نومبر کو جگتک لنگایت مہاسبھا، آل انڈیا ویرشائیو لنگایت مہاسبھا اور دیگر تنظیموں نے بسویشور مجسمے کے قریب انسانی زنجیر بنائی اور روی ہنج، وشویشور بھٹ سمیت دیگر افراد کے پتلے نذر آتش کیے۔ احتجاجیوں نے کتاب ضبط کرنے، مصنف اور ناشر کے خلاف سخت کارروائی، ’وشواوانی‘ اخبار کو سرکاری اشتہارات دینا بند کرنے اور اس کی اشاعت سے متعلق اجازت منسوخ کرنے جیسے مطالبات بھی پیش کیے۔ بعض احتجاجی رہنماؤں نے محض ایف آئی آر درج کرنے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے پورے معاملے کی ایس آئی ٹی سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔
اس معاملے میں احتجاج کے دوران ایک سنگین پہلو بھی سامنے آیا۔ اتھنی میں ایک احتجاج کے دوران پرکاش مہاجن نامی شخص نے روی ہنج کو قتل کرنے والے کو پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ اس نے سر قلم کرنے کی دھمکی بھی دی۔ اس بیان نے احتجاج کے دوران تشدد پر اکسانے کے رجحان کو بھی نمایاں کیا ہے۔
اس پورے تنازع نے بسونا کی فکر، لنگایت شناخت، تاریخی تعبیر اور مذہبی و سماجی تحریکوں کو سیاسی و نظریاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے سوالات کو دوبارہ بحث کے مرکز میں لا کھڑا کیا ہے۔ لنگایت تنظیموں کا کہنا ہے کہ بسونا کی مساوات، ذات پات مخالف فکر اور وچن ادب کو مسخ کرکے پیش کرنے کی کوششیں قبول نہیں کی جاسکتیں۔
یہ معاملہ آر ایس ایس کی نظریاتی مہم اور اس کے اثرات پر بھی سوالات اٹھاتا ہے۔ ناقدین کے مطابق، بسونا جیسی ذات پات مخالف اور مساوات پر مبنی تحریک کی تاریخ کو مخصوص نظریاتی سانچے میں ڈھالنے کی کوششیں اسی وسیع تر نظریاتی کشمکش کا حصہ ہیں۔ اب یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ اس تنازع کے سیاسی اثرات کرناٹک میں بی جے پی پر کس حد تک مرتب ہوتے ہیں اور کیا یہ معاملہ ریاست میں آر ایس ایس کی نظریاتی سرگرمیوں پر مزید بحث کو جنم دیتا ہے۔
بتاتے چلیں کہ بسونا کی تعلیمات اور لنگایت شناخت کی تشریح پر تنازعہ کرناٹک میں نیا نہیں ہے۔ نومبر 2024 میں بھی Vachana Darshana نامی کتاب کے ذریعے بسونا کے vachanas کو ویدک تعلیمات کی توسیع کے طور پر پیش کیے جانے پر شدید اعتراضات سامنے آئے تھے۔ یہ کتاب آر ایس ایس سے وابستہ اداروں ایودھیا پبلیکیشنز اور پرگیہ پروہ کے ذریعے شائع کی گئی تھی۔ اس کے جواب میں دانشوروں نے Vachana Nija Darshana کے نام سے ایک جوابی کتاب بھی شائع کی۔ اس پس منظر میں Basava Mantapa کے خلاف اٹھنے والے اعتراضات نے ایک بار پھر بسونا کی سماجی و مذہبی فکر کی تشریح اور لنگایت شناخت کے سوال کو کرناٹک کی عوامی بحث کا موضوع بنا دیا ہے۔