ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل غوثیہ اسٹریٹ پمپنگ اسٹیشن کا واٹر بورڈ حکام نے کیامعائنہ ؛ ندی میں گندے پانی کے اخراج کی وجوہات جاننے کے لیے ویٹ ویل کی صفائی کا فیصلہ

بھٹکل غوثیہ اسٹریٹ پمپنگ اسٹیشن کا واٹر بورڈ حکام نے کیامعائنہ ؛ ندی میں گندے پانی کے اخراج کی وجوہات جاننے کے لیے ویٹ ویل کی صفائی کا فیصلہ

Wed, 18 Nov 2026 16:03:40    S O News
بھٹکل غوثیہ اسٹریٹ پمپنگ اسٹیشن کا واٹر بورڈ حکام نے  کیامعائنہ ؛ ندی میں گندے پانی کے اخراج کی وجوہات جاننے کے لیے ویٹ ویل کی صفائی کا فیصلہ

بھٹکل 18/نومبر (ایس او نیوز): غوثیہ اسٹریٹ کے پمپنگ اسٹیشن سے گٹر کا گندا پانی براہِ راست سرابی ندی میں داخل ہونے کے معاملے میں بدھ کو کاروار واٹر بورڈ کے حکام نے پمپنگ اسٹیشن پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور مسئلے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے ویٹ ویل کو خالی کرکے اس کی صفائی اور معائنے کا فیصلہ کیا۔

کاروار واٹر بورڈ کے اسسٹنٹ انجینئر ابھیشیک اور ضلع کے ایکسپرٹ راجیو نے پمپنگ اسٹیشن پہنچ کر گندے پانی کے ندی میں اخراج کے تعلق سے تفصیلات حاصل کیں۔ اس موقع پر موجود بھٹکل میونسپلٹی کے اسسٹنٹ انجینئر اروِند نے حکام کو بتایا کہ ان کے جائزے کے مطابق ویٹ ویل میں کسی طرح کا رساؤ (لیکج) نہیں ہے، بلکہ اس میں جمع ہونے والا اضافی گندا پانی خودکار طور پر ندی میں داخل ہورہا ہے۔

کاروار سے آئے حکام نے اس بات سے اتفاق کیا کہ مسئلے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے پہلے ویٹ ویل کو خالی کرکے اس کا معائنہ کرنا ضروری ہے۔ واٹر بورڈ کی ہدایت کے مطابق سنیچر سے دو دن کے لیے ویٹ ویل میں گندے پانی کی آمد روک دی جائے گی۔ اس دوران گندے پانی کو ویٹ ویل سے گزارے بغیر براہِ راست ندی میں منتقل کیا جائے گا، تاکہ ویٹ ویل کو مکمل طور پر خالی کرکے اس کی صفائی اور جانچ کی جاسکے۔ اس کے بعد پانی کے ندی میں داخل ہونے کی اصل وجہ کا پتہ لگاکر مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ معائنے کے نتائج کی بنیاد پر ہی آئندہ کارروائی طے کی جائے گی۔

IMG-20261118-WA0054

واضح رہے کہ گزشتہ دو تین ماہ سے غوثیہ اسٹریٹ پمپنگ اسٹیشن سے گندے پانی کا سرابی ندی میں اخراج جاری ہے، حالانکہ پمپنگ اسٹیشن میں نصب دو موٹروں کے ذریعے جمع ہونے والے گٹر کے پانی کو پمپ کرکے تقریباً چار کلومیٹر دور وینکٹاپور ندی میں منتقل کیا جاتا ہے۔ اس مسئلے کے تعلق سے گزشتہ سنیچر کو اترکنڑا کے ڈپٹی کمشنر ہرشل بھوئیر نے بھی پمپنگ اسٹیشن کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا تھا اور سرابی ندی میں گٹر کا گندا پانی چھوڑے جانے پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ افسران کی سرزنش کی تھی۔

مقامی عوام کا کہنا ہے کہ پمپنگ اسٹیشن سے گندے پانی کا ندی میں اخراج وقفے وقفے سے کسی نہ کسی تکنیکی خرابی کے باعث جاری رہتا ہے، جس کے سبب علاقے میں پمپنگ اسٹیشن کے قیام کو لے کر سخت ناراضگی پائی جاتی ہے۔ اس سلسلے میں کئی مرتبہ موٹروں کی مرمت کی جاچکی ہے، جبکہ حال ہی میں زیادہ صلاحیت والے موٹرس نصب کرنے کے ساتھ متبادل موٹرس بھی رکھے گئے ہیں، تاکہ کسی موٹر کے خراب ہونے کی صورت میں فوری طور پر دوسرا موٹر استعمال کیا جاسکے۔ تاہم عوام کا الزام ہے کہ ان اقدامات کے باوجود کسی نہ کسی وجہ سے گندے پانی کو ندی میں چھوڑنے کا سلسلہ بند نہیں ہوسکا ہے۔ اس تازہ معاملے میں میونسپل حکام کا کہنا ہے کہ ویٹ ویل سے رساؤ یا اس میں جمع ہونے والے اضافی پانی کے باہر نکلنے کے باعث گندا پانی ندی میں داخل ہورہا ہے، تاہم میونسپل اسسٹنٹ انجینئر نے ویٹ ویل میں رساؤ کی تردید کی ہے۔ ندی میں گندے پانی کے اخراج کے باعث غوثیہ اسٹریٹ، مشما اسٹریٹ، خلیفہ اسٹریٹ اور ڈارنٹا سمیت اطراف کے علاقوں میں بدبو اور مچھروں کی افزائش سے عوام پریشان ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق کنوؤں کا پانی بھی متاثر ہوا ہے، جبکہ تاریخی سرابی ندی کے گندے نالے میں تبدیل ہونے سے اس کے کنارے آباد مکینوں میں مختلف بیماریوں کے پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

بدھ کو ہونے والے معائنے کے موقع پر مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری عزیز الرحمن رکن الدین ندوی، ایڈوکیٹ عمران لنکا، بلال قمری، آدم، سابق کونسلر فیاض ملا اور دیگر مقامی سماجی کارکنان  موجود تھے۔

Click here for report in English


Share: