بھٹکل، 5 جون (ایس او نیوز): خواتین کی معاشی خودمختاری اور گھریلو سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے مقصد سے رابطہ سوسائٹی کی جانب سے گزشتہ دو برسوں سے کامیابی کے ساتھ چلایا جا رہا دوماہی سلائی اور کڑھائی کا تربیتی کورس اب اپنے نئے بیچ کے ساتھ 10 جون سے شروع ہو رہا ہے۔ سوسائٹی نے علاقے کی خواتین اور طالبات سے اس سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی اپیل کی ہے۔
کورس کے تعلق سے رابطہ سوسائٹی کے جنرل سکریٹری عتیق الرحمن منیری نے بتایا کہ آج کے دور میں ہنرمندی ہی خود کفالت کی بنیاد سمجھی جاتی ہے۔ ایسے میں سلائی اور کڑھائی ایک ایسا فن ہے جسے سیکھ کر خواتین نہ صرف اپنے گھریلو اخراجات میں معاونت کر سکتی ہیں بلکہ گھر بیٹھے مستقل آمدنی کا ذریعہ بھی حاصل کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے رابطہ سوسائٹی نے یہ خصوصی کورس شروع کیا تھا، جسے خواتین کی جانب سے حوصلہ افزا پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
کورس کے کنوینر سلیم سعدا نے بتایا کہ اس تربیتی پروگرام میں خواتین کو سلائی کے بنیادی اصولوں سے لے کر جدید ڈیزائننگ، کٹنگ، مختلف اقسام کے ملبوسات کی سلائی اور کڑھائی کی عملی تربیت فراہم کی جاتی ہے، تاکہ تربیت مکمل ہونے کے بعد وہ اعتماد کے ساتھ اپنا کام شروع کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کورس کا بنیادی مقصد خواتین کو ہنرمند بنا کر انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنا اور معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے۔ ان کے مطابق بہت سی خواتین گھریلو ذمہ داریوں کی وجہ سے باہر ملازمت نہیں کر سکتیں، لیکن سلائی اور کڑھائی کا کام گھر سے بھی بآسانی انجام دیا جا سکتا ہے، جس کے ذریعے وہ اپنے خاندان کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتی ہیں۔
نائب کنوینر الیاس سدی باپا نے خاص طور پر گھریلو خواتین، طالبات اور ایسی خواتین جو کوئی ہنر سیکھ کر مستقبل میں اپنا کاروبار یا روزگار شروع کرنا چاہتی ہیں، ان سے اپیل کی ہے کہ وہ نئے بیچ میں داخلہ حاصل کرکے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
رابطہ سوسائٹی کے منیجر طاہر حسین قاضیا نے بتایا کہ ہنر سیکھنے کے لیے اٹھایا گیا آج کا ایک قدم خواتین کے روشن اور خودمختار مستقبل کی بنیاد بن سکتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نئے بیچ کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
مزید معلومات اور داخلے کے لیے خواہشمند خواتین رابطہ سوسائٹی کے دفتر سے رجوع کر سکتی ہیں۔