بھٹکل، 20 / اپریل (ایس او نیوز) ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا کے ہاتھوں مائنر ایرّیگیشن اینڈ گراونڈٰ واٹر ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے سال 2024-25 کے لئے منظور شدہ منصوبے کے تحت بھٹکل تعلقہ ماولّی -۲ گرام پنچایت میں 19 کروڑ روپوں کی لاگت سے ہونے والے 'کھارلینڈ' اورمختلف تعمیراتی منصوبوں کا آغاز ہوا ۔
اس موقع پر بولتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا جنم بئیلور میں ہوا، لیکن میں گزشتہ 25 سال سے یہاں پر مقیم ہوں ۔ یہ میرا اپنا گاوں بن گیا ہے ۔ میرے کاروبار اور سیاسی زندگی میں تعاون کرنے والا یہی گاوں اور اس گاوں کے لوگ ہیں ۔ ان لوگوں نے مجھے ضلع پنچایت کی رکنیت سے ہوتے ہوئے وزارت کے منصب تک پہنچایا ہے ۔ منی ودھان سودھا، کے ایس آر ٹی سی ڈپو وغیرہ کی تعمیر ہوئی ہے ۔ وہ سب میرے تصورات اور سوچ ہے ۔ مگر بی جے پی والوں نے اسے فروخت کر دیا ۔ سوشیل میڈیا پر [مخالفت میں] لکھنے والوں کو لکھنے دو ۔ میں تو اپنے حلقے اور یہاں کے لوگوں کے کام پورے کرنے میں مصروف ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے گارنٹی اسکیموں سے عوام کو فائدہ ہوا ہے ۔ نئے بسوں کا انتظام کرتے ہوئے فری بس سروس فراہم کی گئی ہے ۔ سرکاری اسکیموں کا فائدہ گھر گھر پہنچانے کا کام کانگریس کے لیڈروں اور کارکنان نے کیا ہے ۔ گارنٹی اسکیموں پر عمل کرنے کے ساتھ ترقیاتی کام بھی انجام دئے جا رہے ہیں ۔ لیکن بی جے پی کی طرف سے یہ جھوٹ پھیلایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت کا دیوالیہ نکل رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں 'کھارلینڈ' کی تعمیر کے لئے ایک سال تک انتظار کرنا پڑا ہے ۔ کائیکنی گرام پنچایت علاقے میں 40 کروڑ روپے لاگت کے مختلف محکمہ جات کے تحت تعمیراتی کام انجام دئے گئے ہیں ۔ کائیکنی گرام میں پی یو کالج کو منظوری دی گئی ہے اس کے لئے تیاریاں چل رہی ہیں ۔ گاوں میں اسکول اور مندر کی ترقی ہونا چاہیے ۔ اپنے علاقے کی ترقی کے لئے سرکاری فنڈ حاصل کرنے کی طاقت میرے اندر ہے ۔
میں سمجھتا ہوں کہ ہم اگر اقتدار پر نہیں بھی رہے تو ہمارا کام بولنا چاہیے ۔ میں نے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی ہے اس لئے مجھے کسی بھی قسم کا خوف نہیں ہے ۔
اس موقع پر بلاک کانگریس صدر وینکٹیش نائک، کائکینی پنچایت سابق صدر راجو نائک، سابق ضلع پنچایت رکن سندھو بھاسکر نائک، راگھویندرا گوئدپّا نائک، کوپیّا نائک وغیرہ موجود تھے ۔