بنگلورو، 10/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) وزیرِ صحت، اقلیتی بہبود، اوقاف و حج یوٹی قادر نے واضح کیا ہے کہ عوام کی صحت کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ناقص معیار کی غذائی اشیاء کی تیاری یا فروخت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 8 اکتوبر کو محکمۂ غذائی تحفظ و ادویاتی انتظامیہ نے ریاست بھر میں آئس کریم تیار کرنے والی 45 یونٹوں میں خصوصی معائنہ مہم چلائی۔ اس دوران مجموعی طور پر 70 غذائی نمونے جمع کیے گئے، جنہیں معیار اور غذائی تحفظ کے مقررہ ضوابط کی پابندی جانچنے کے لیے سرکاری غذائی تجربہ گاہوں کو روانہ کیا گیا ہے۔
معائنے کے دوران بعض یونٹوں میں غذائی تحفظ اور معیار کے قانون 2006 کی خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا۔ بنگلورو کے جے نگر میں واقع ساورا آئس کریم کیفے سے زائدالمیعاد غذائی اشیاء ضبط کی گئیں، جبکہ بنگلورو کی بنرگھٹہ روڈ پر واقع ایم۔ این۔ انٹرپرائزز میں بھی زائدالمیعاد اشیاء پائی گئیں اور لیبل لگانے کے ضوابط میں خامیاں سامنے آئیں۔
اسی طرح رائچور میں واقع جیمنی آئس کریم تیاری یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات پائے جانے پر نوٹس جاری کیا گیا۔ میسورو میں جان کینڈی آئس کریم تیاری یونٹ میں لیبلنگ سے متعلق خامیاں سامنے آئیں اور 20,000 روپے مالیت کی آئس کریم ضبط کی گئی۔
یو۔ ٹی۔ قادر نے کہا کہ مذکورہ یونٹوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ریاست کے تمام آئس کریم تیار کرنے والوں کو متنبہ کیا کہ عوامی صحت کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر نے مزید کہا کہ ریاست بھر میں اس طرح کی خصوصی معائنہ مہم آئندہ بھی مسلسل جاری رہے گی، تاکہ غذائی اشیاء کے معیار کو یقینی بنایا جاسکے اور صارفین کو غیرمحفوظ خوراک سے محفوظ رکھا جاسکے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کہیں غیرمحفوظ یا ملاوٹی غذا کا پتہ چلے تو محکمہ کے ’’فوڈ سیفٹی کنیکٹ‘‘ کے کیو آر کوڈ کو اسکین کرکے شکایت درج کرائیں، تاکہ متعلقہ حکام بروقت کارروائی کرسکیں۔