ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اتر پردیش میں ایس آئی آر کے دوران شامل 16.18 لاکھ ووٹروں کی تفصیلات عام نہ کرنے پر الیکشن کمیشن پر سوالات

اتر پردیش میں ایس آئی آر کے دوران شامل 16.18 لاکھ ووٹروں کی تفصیلات عام نہ کرنے پر الیکشن کمیشن پر سوالات

Wed, 07 Oct 2026 11:59:33    S O News

نئی دہلی ، 7/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) الیکشن کمیشن نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اتر پردیش میں ایس آئی آر کے ابتدائی مرحلے میں شامل کئے گئے16.18  لاکھ ووٹروں کی شناخت اور تفصیلات عام نہیں کیں۔

قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کو کسی بھی ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کی ویب سائٹ پر ایس آئی آر کے دوران کئے گئے دعوؤں اور اعتراضات کی تفصیل پولنگ بوتھ کے لحاظ جاری کرنی چاہئے۔ اس میں ہر درخواست فارم کی تفصیلات بھی موجود ہونی چاہئے تاہم اتر پردیش کے سی ای او کی ویب سائٹ پر ووٹر لسٹ میں نام شامل کرنے کیلئے دی گئی16.18 ؍ لاکھ درخواستیں اور ان کی تفصیلات موجود نہیں ہیں۔

دی رپورٹرس کلیکٹو کی ایک تحقیق کے مطابق الیکشن کمیشن نے ان ووٹروں کی شناخت اور درخواستوں کی تفصیلات عام نہیں کیں، حالانکہ انتخابی قوانین کے تحت ایسی معلومات عوام کیلئے دستیاب کرانا ضروری ہے۔

اتر پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر کی ویب سائٹ پر فارم-۶؍کے ذریعے ووٹر لسٹ میں نام شامل کرنے کیلئے دی گئی۳۸ء۷۱؍ لاکھ درخواستوں کی تفصیل دستیاب ہے لیکن حتمی فہرست میں۳ء۸۴؍لاکھ نئے ووٹر شامل کئے گئے ہیں۔ یعنی ویب سائٹ پر ظاہر کی گئی درخواستوں کے مقابلے میں۹۲ء۱۲؍ لاکھ زیادہ ووٹر فہرست میں شامل ہوئے۔

الیکشن کمیشن نے۷؍ مارچ کو ایک پریس ریلیز میں پہلی مرتبہ بتایا تھا کہ ایس آئی آر کی ڈرافٹ فہرست جاری ہونے سے پہلے ہی16.18 لاکھ افراد نے فارم-۶؍ کے ذریعے ووٹر فہرست میں نام شامل کرنے کیلئےدرخواست دی تھی۔ تاہم ان درخواستوں کے نام، حلقہ، پولنگ بوتھ اور دیگر تفصیلات ویب سائٹ پر دستیاب نہیں کرائی گئیں۔

اس کی بنا پر یہ معلوم کرنا ممکن نہیں کہ یہ ووٹر کون ہیں، انہیں کن اسمبلی حلقوں یا پولنگ بوتھ میں شامل کیا گیا اور آیا ان کی اہلیت کی باقاعدہ تصدیق ہوئی یا نہیں۔

ایسے وقت میں جبکہ ایس آئی آر کا پورا عمل شک کے دائرہ میں ہے،اس طرح کے انکشافات کئی اہم سوال کھڑے کرتے ہیں۔


Share: