نئی دہلی ، 25/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2026 کے دوران سنگین بے ضابطگیوں اور جانبداری کے الزام میں اے ایس پی سمیت 5 پولیس افسران کو معطل کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ملزم افسران کے خلاف انضباطی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔ معطل کیے گئے افسران میں ایک آئی پی ایس افسر، ایک ایس ڈی پی او اور ایک انسپکٹر انچارج شامل ہیں۔ الزام ہے کہ ملزم پولیس اہلکاروں نے انتخابات کے تحت پہلے مرحلے کی ووٹنگ میں مبینہ طور پر جانبداری کا مظاہرہ کیا اور الیکشن کو شفاف بقرار رکھنے میں ناکام رہے۔
معطل کیے گئے افسران میں سندیپ گڑائی (ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، ڈائمنڈ ہاربر)، ساجل منڈل (ایس ڈی پی او، ڈائمنڈ ہاربر)، موسم چکرورتی (انسپکٹر انچارج، ڈائمنڈ ہاربر پولس اسٹیشن)، اجے بیگ (انسپکٹر انچارج، فالٹا پولس اسٹیشن) اور سبھیکشا باغ (آفیسر انچارج، استھی پولیس اسٹیشن) شامل ہے۔ الیکشن کمیشن نے ان افسران کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انتخابی عمل کے دوران شفافیت اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنانا اس کی اولین ترجیح ہے۔
اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے یہ بھی کہا ہے کہ آئی پی ایس افسر سندیپ گرائی کے معاملے کے بارے میں کیڈر کنٹرولنگ اتھارٹی، مرکزی وزارت داخلہ کو ایک تفصیلی رپورٹ بھیجی جائے گی۔ بتادیں کہ ان افسران پر بدسلوکی اور تعصب کا الزام لگایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈائمنڈ ہاربر کی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایشانی پال کو انتخابات جیسے حساس معاملات میں اپنے ماتحت افسران کے درمیان نظم و ضبط اور غیر جانبداری کو یقینی بنانے میں ناکامی پر وارننگ جاری کی گئی ہے۔