ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 27 نومبر سے بھٹکل میں ریاستی سطح کے کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد؛ مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع، کرناٹک کی 10 ٹیمیں لیں گی حصہ

27 نومبر سے بھٹکل میں ریاستی سطح کے کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد؛ مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع، کرناٹک کی 10 ٹیمیں لیں گی حصہ

Fri, 13 Nov 2026 20:00:59    S O News
27 نومبر سے بھٹکل میں ریاستی سطح کے کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد؛ مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع، کرناٹک کی 10 ٹیمیں لیں گی حصہ

بھٹکل، 13/نومبر (ایس او نیوز): بھٹکل میں 27 سے 29 نومبر تک تین روزہ ریاستی سطح کے کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں کرناٹک کے مختلف اضلاع کی 10 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ’’گنڈابھیروُنڈا‘‘ کے نام سے منعقد ہونے والا یہ ٹورنامنٹ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا، جس کے مقابلے روزانہ شام 4:30 بجے سے رات 11:30 بجے تک جاری رہیں گے۔ گنڈابھیروُنڈا ہندوستانی اساطیر کا ایک دیومالائی دو سروں والا پرندہ ہے، جسے طاقت، قوت اور بہادری کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

ٹورنامنٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین عنایت اللہ شابندری نے کہا کہ یہ مقابلے کرناٹک اسٹیٹ امیچر کبڈی اسوسی ایشن کی سرپرستی میں اُتر کنڑا ڈسٹرکٹ امیچر کبڈی اسوسی ایشن کے اشتراک سے بھٹکل کے وینکٹاپور میں آئس فیکٹری کے قریب واقع کے پی میدان میں منعقد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کبڈی بھٹکل کے عوام کا پسندیدہ کھیل ہے اور مذہب سے بالاتر ہوکر ہندو اور مسلم دونوں طبقوں کے نوجوان اس کھیل میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ تاہم، گزشتہ چند برسوں کے دوران بھٹکل میں کبڈی ٹورنامنٹس کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ اب ریاستی سطح کے اس مقابلے کے انعقاد سے مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور اعلیٰ سطح کے کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلہ کرنے کا موقع ملے گا۔

مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے بتایا کہ مقامی کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے بھٹکل کے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے چار ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں، جنہیں اسی میدان میں مقابلوں میں حصہ لینے کا موقع دیا جائے گا۔

ٹورنامنٹ کے منتظمین کے مطابق کرناٹک کے اُتر کنڑا، اُڈپی، دکشن کنڑا، ہاویری، شیواموگہ، چکمگلورو، بلاری، وجئے نگر، داونگیرے اور چترادرگہ اضلاع کی 10 ٹیمیں اس میں حصہ لیں گی۔ مقابلوں میں پرو کبڈی لیگ اور قومی سطح کے ٹورنامنٹس میں کھیلنے کا تجربہ رکھنے والے کئی نامور کھلاڑیوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔

میدان میں بیک وقت تقریباً 5,000 تماشائیوں کے بیٹھنے کا انتظام کیا جائے گا، جبکہ تمام شریک کھلاڑیوں کے قیام اور طعام کی ذمہ داری منتظمین نے لی ہے۔ بھٹکل اربن کوآپریٹیو بینک کی ڈائریکٹر بینا ویدیا اس ٹورنامنٹ کی اہم اسپانسر ہیں۔

منتظمین نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے اور سماج میں اتحاد و یکجہتی کا پیغام عام کرنے کے مقصد سے اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر ضلع کبڈی اسوسی ایشن کے صدر شریدھر نائک، بھٹکل امیچر کبڈی اسوسی ایشن کے صدر رؤف نائطے، قمر سعدا، وینکٹیش نائک، جعفر حیدر اور پرکاش نائک بھی موجود تھے۔

Click here for report in English


Share: