بھٹکل، 21/مئی (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے-66 پر دو کاروں کے درمیان ہوئی ٹکر میں چار افراد زخمی ہوگئے، جبکہ دونوں گاڑیوں کے اگلے حصوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
حادثہ بدھ دیر رات اس وقت پیش آیا جب بھٹکل سے ہوناور کی طرف جارہی ایک سوئفٹ کار اور مینگلور کے قریب بنٹوال کے رہنے والوں پر مشتمل ماروتی سوئفٹ کار کی وینکٹاپور پل کے قریب آمنے سامنے ٹکر ہوگئی۔
حادثے کے نتیجے میں محمد مشافر (26)، محمد اشرف اسماعیل (34)، فوزیہ، محمد اشرف (29)، عبدالقادر اجول (21) اور محمد آستان (19) زخمی ہوگئے۔ جبکہ بھٹکل کی کار ہاویری کے رہائشی بھیمپا ہنومنتپا گنجور چلا رہے تھے، جو محفوظ رہے۔
حادثے کے فوری بعد تمام زخمیوں کو ہائی وے پولیس کی گشتی گاڑی کے ذریعے ایک نجی اسپتال منتقل کرکے ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں کاروں میں سوار افراد نے سیٹ بیلٹ باندھ رکھی تھی اور گاڑیوں کے ایئر بیگ بھی کھل گئے تھے، جس کے باعث ایک بڑا سانحہ ٹل گیا اور مسافروں کو زیادہ چوٹیں نہیں آئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی دیہی پولیس تھانے کے پی ایس آئی ملیکارجنیا کورانی نے جائے حادثہ کا دورہ کرکے معائنہ کیا۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔