ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں بار بار بجلی کی آنکھ مچولیوں پر عوام میں شدید ناراضگی؛ ہیسکام چیئرمین کا منگل کو بھٹکل دورہ

بھٹکل میں بار بار بجلی کی آنکھ مچولیوں پر عوام میں شدید ناراضگی؛ ہیسکام چیئرمین کا منگل کو بھٹکل دورہ

Mon, 20 Apr 2026 16:58:46    S O News
بھٹکل میں بار بار بجلی کی آنکھ مچولیوں پر عوام میں شدید ناراضگی؛ ہیسکام چیئرمین کا منگل کو بھٹکل دورہ

بھٹکل، 20 اپریل (ایس او نیوز): بھٹکل میں بجلی کی بار بار کی آنکھ مچولیوں اور مسلسل بندش نے عوام میں شدید ناراضگی پیدا کر دی ہے، جہاں شہری لوڈ شیڈنگ کے تسلسل اورہیسکام  کے افسران کی جانب سے دی جانے والی روایتی اور غیر تسلی بخش وضاحتوں پر برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔

 بڑھتی ہوئی عوامی تشویش کے درمیان، قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے اطلاع دی ہے کہ ہیسکام کے چیئرمین سید عظیم پیر  قادری، من گل کو  تنظیم کی دعوت پر بھٹکل پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ ایک پروگرام میں شرکت کریں گے۔

بھٹکل تعلقہ میں ایک طرف شدید گرمی کی لہر سے لوگ پریشان ہیں، تو دوسری طرف بجلی کی فراہمی میں بے قاعدگی اور بار بار تعطل نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ بجلی سپلائی میں بہتری لانے کے مقصد سے بھٹکل کے ساگر روڈ پر 110 کے وی اسٹیشن کے قیام کا کام تقریباً دو سال قبل شروع کیا گیا تھا، تاہم مین لائن سے ہائی وولٹیج بجلی اس اسٹیشن تک پہنچانے کے لیے ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا معاملہ بعض نجی زمین مالکان کے ساتھ تنازعات کے باعث تاحال ادھورا ہے۔

بجلی کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے ہیسکام کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہیبلے میں واقع 33 کے وی گرڈ میں نصب کنورٹرز اپنی گنجائش سے زیادہ بوجھ برداشت کر رہے ہیں، جس پر قابو پانے کے لیے دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ ناگزیر ہو گئی ہے۔

اس صورتحال پر عوام کا کہنا ہے کہ دن ہو یا رات، کسی بھی وقت بجلی منقطع ہونے پر مین لائن میں خرابی یا پرانی تاروں کی تبدیلی جیسے اسباب پیش کر کے معاملے کو ٹال دینا ہیسکام افسران کا معمول بن چکا ہے۔ تاہم اس طرح کی بے ضابطہ لوڈ شیڈنگ نے عوام، خصوصاً معمر افراد اور بچوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ کر دیا ہے۔

ہیسکام کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر منجوناتھ کے مطابق سرسی میں اضافی ٹرانسفارمرز استعمال کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث بھٹکل اور اطراف کے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بعض نجی زمین مالکان نے 110 کے وی لائن کے ٹاورز کی تعمیر روکنے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرسی اور کمٹہ مین لائن میں بار بار خرابی کو دیکھتے ہوئے متبادل کے طور پر بیندور سے ٹرانسمیشن لائن بچھانے کی تجویز بھی زیر غور ہے، تاہم اس کے لیے محکمہ جنگلات کی منظوری اور پاور کارپوریشن کی توثیق ابھی باقی ہے۔

اب جبکہ منگل کو ہیسکام چیئرمین بھٹکل کا دورہ کرنے والے ہیں، عوام کو امید ہے کہ مقامی نمائندے بجلی کے مسئلے کی سنگینی کو اجاگر کریں گے اور 110 کے وی منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے دباؤ ڈالیں گے۔ اس کے علاوہ بیندور کے متبادل منصوبے کو بھی عملی جامہ پہنانے کا مطالبہ کیا جائے گا تاکہ خصوصاً سرسی اور کمٹہ مین لائن میں خرابی کی صورت میں بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

عوام ہیسکام چیئرمین مسٹر قادری کے اس دورے کو ایک اہم موقع کے طور پر دیکھ رہے ہیں، جس کے ذریعے حکام دیرینہ مسائل کے حل کے لیے اقدامات کریں اور بار بار بجلی کی بندش سے نجات دلائیں، جو بھٹکل اور اطراف کے علاقوں میں معمولاتِ زندگی کو مسلسل متاثر کر رہی ہے۔


Share: