ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ساحلی کرناٹکا میں شدید گرمی کی لہر - محکمہ موسمیات نے جاری کیا الرٹ

ساحلی کرناٹکا میں شدید گرمی کی لہر - محکمہ موسمیات نے جاری کیا الرٹ

Sat, 11 Apr 2026 10:48:32    S O News

منگلورو  ،11/ اپریل (ایس او نیوز) محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ساحلی کرناٹکا میں گرمی اور نمی کی سطح میں اضافے کا انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حالات 12 اپریل تک برقرار رہنے کی توقع ہے ۔

آئی ایم ڈی کے مطابق اترا کنڑ، اُڈپی اور  دکشن کنڑا جیسے ساحلی اضلاع میں زیادہ سے زیادہ گرم موسم کے ساتھ ساتھ ہوا میں نمی کی مقدار زیادہ  ہونے کا امکان ہے ۔ اس طرح کے امتزاج سے بننے والے موسم میں خاص طور پر دن کے وقت بے چینی اور اضطرابی کیفیت پیدا ہوتی ہے ۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ ہوا میں نمی کا اضافہ گرمی کی حدت کو تیز کر دیتا ہے، جس سے حالات اصل درجہ حرارت سے زیادہ گرم محسوس ہوتے ہیں ۔

محکمہ نے مزید کہا ہے کہ اس طرح کے موسمی حالات خاص طور پر بشمول بوڑھوں، بچوں اور صحت کے مسائل میں مبتلا افراد جیسے کمزور گروہوں کے لئے 
جسمانی تکلیف اور تھکاوٹ کا باعث بن سکتے ہیں ۔

موجودہ حالات کے پیش نظر آئی ایم ڈی نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ باہر نکلتے وقت ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور جسم کے اندر پانی کی سطح کو مناسب طور پر برقرار رکھنے کی طرف توجہ دیں ۔     
ساحلی پٹی کے رہائشیوں سے خصوصی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بدلتے ہوئے موسمی حالات سے چوکنا رہیں اور  کڑی دھوپ کے اوقات میں زیادہ دیر تک باہر نکلنے سے گریز کریں ۔

یہ ایڈوائزری اس وقت سامنے آئی ہے جب ساحلی کرناٹکا میں  بڑھتا ہوا درجہ حرارت اور ہوا میں نمی کی سطح میں اضافے سے آنے والی موسمی تبدیلی اس خطے میں زیادہ شدید پری مانسون حالات کے آغاز کی نشاندہی کرتی محسوس ہو رہی ہے۔


Share: