بنگلورو، یکم اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی) کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) نے تعلیمی سال 2025-26 کے تحت پہلی تا نویں جماعت کے طلبہ کے لیے جاری کردہ بس پاس کی میعاد میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔
کے ایس آر ٹی سی کے چیف ٹریفک مینجر (تجارتی) کی جانب سے جاری سرکاری مکتوب کے مطابق طلبہ کے بس پاس، جو 31 مارچ 2026 کو ختم ہو چکے تھے، اب 10 اپریل 2026 تک کارآمد رہیں گے۔ اس مدت کے دوران طلبہ اپنے موجودہ بس پاس دکھا کر بلا معاوضہ سفر جاری رکھ سکیں گے۔
حکام کے مطابق اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں 10 اپریل 2026 تک جاری رہیں گی، جبکہ بس پاس کی میعاد 31 مارچ کو ختم ہو رہی تھی۔ اس تضاد کو مدنظر رکھتے ہوئے طلبہ کی سہولت کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ انہیں آمد و رفت میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
ادارے کی جانب سے تمام ڈرائیوروں اور کنڈکٹرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس فیصلے سے واقف رہیں اور طلبہ کو مقررہ تاریخ تک بس پاس کے ذریعے مفت سفر کی اجازت دیں۔
یہ فیصلہ ہزاروں طلبہ کے لیے راحت کا سبب بنے گا اور تعلیمی سرگرمیوں کے آخری دنوں میں ان کے لیے آسانی فراہم کرے گا۔