بنگلورو، 9/جون (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک کے نو مقرر وزیر ٹرانسپورٹ بائیرتی سریش نے پیر کے روز ودھان سودھا میں اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران، حامیوں اور خیرخواہوں نے انہیں مبارکباد پیش کی۔
عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیر موصوف نے کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کی ایس آر ٹی سی) کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا اور مختلف ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں کے سربراہان و سینئر افسران کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے مختلف ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں کی کارکردگی اور منصوبوں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بائیرتی سریش نے کہا کہ ریاستی حکومت کی پانچ ضمانتی اسکیموں (گارنٹی اسکیموں) نے عوامی زندگی میں مثبت تبدیلی پیدا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکتی اسکیم کے تحت کروڑوں خواتین مفت بس سفر کی سہولت سے فائدہ اٹھا رہی ہیں اور اس اسکیم کے آغاز کے بعد سرکاری بسوں میں مسافروں کی تعداد میں تقریباً 40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے اعلان کیا کہ شکتی اسکیم کو مزید مؤثر اور منظم بنانے کے لیے ریاست کی خواتین کو سرکاری بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے اسمارٹ کارڈ جاری کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں تین کروڑ سے زائد افراد کو اسمارٹ کارڈ فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
خواتین کو یہ کارڈ مفت فراہم کیے جائیں گے، جبکہ مرد حضرات میٹرو کارڈ کی طرز پر مقررہ رقم ادا کرکے اسمارٹ کارڈ حاصل کرسکیں گے۔ کارڈ میں موجود رقم ختم ہونے پر اسے دوبارہ ری چارج کیا جا سکے گا۔
بائیرتی سریش نے کہا کہ تقریباً تین کروڑ اسمارٹ کارڈز کی تیاری کے لیے عالمی سطح پر ٹینڈر طلب کیے جائیں گے اور جلد ہی پائلٹ پروجیکٹ کے تحت اسمارٹ کارڈ تقسیم کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ ریاستی حکومت کے تعاون سے ایک ہزار نئی بسیں خریدی جائیں گی، جبکہ مرکزی حکومت کی مالی معاونت سے چار ہزار الیکٹرک بسوں کی خریداری کا منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے۔ ان بسوں کو مرحلہ وار چاروں ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں میں تقسیم کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
بائیرتی سریش نے کہا کہ خواتین اور طالبات کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اسی مقصد کے تحت کمرشل گاڑیوں، ٹیکسیوں اور دیگر عوامی سفری گاڑیوں میں وہیکل لوکیشن ٹریکنگ سسٹم (VLTS) نصب کرنے کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک ایک لاکھ سے زائد گاڑیوں میں یہ نظام نصب کیا جا چکا ہے، جبکہ باقی چار سے پانچ لاکھ گاڑیوں میں آئندہ تین سے چار ماہ کے دوران اس سہولت کو نافذ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی سکریٹری دیپا چولن، ٹرانسپورٹ کمشنر سیلوامنی آر، کے ایس آر ٹی سی کے مینیجنگ ڈائریکٹر اکرم پاشاہ سمیت چاروں ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں کے سینئر افسران شریک تھے۔