دبئی، 28 اکتوبر (ایس او نیوز): کرناٹک کے ڈپٹی اسپیکر اور بھٹکل۔ہوناور کے رکن اسمبلی منکال وئیدیا کی دبئی آمد کے موقع پر کرناٹکا سنگھا دبئی کے ایک وفد نے ان سے ملاقات کی اور 22 نومبر کو دبئی میں منعقد ہونے والے کرناٹکا راجیہ اُتسوا میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دی۔
اس سلسلے میں سنگھا کے رکن ڈاکٹر انس محتشم کی رہائش گاہ پر ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں سنگھا کے صدر ششی دھر ناگراجپا نے ادارے کی سرگرمیوں اور مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ سنگھا متحدہ عرب امارات میں کنڑا زبان اور ثقافت کے فروغ کے لیے سرگرم ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر انس محتشم، ناظم پٹیل، ایس ایم معاذ، جیلانی محتشم اور ڈاکٹر اسماعیل قاضیا نے منکال وئیدیا کے ساتھ بھٹکل کے مختلف مسائل اور اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ تقریب میں گرین ویلی انٹرنیشنل اسکول، شیرور کے صدر میراں منیگار، منکی جماعت کے ابو محمد مختصر اور مرڈیشور جماعت کے امین سیف اللہ سمیت کافی دیگر حضرات بھی موجود تھے۔

