ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنداپور : تیز رفتار ٹپّر لاریوں کی ٹکر – دو اسکوٹر سوار ہوئے شدید زخمی – تین گرفتار

کنداپور : تیز رفتار ٹپّر لاریوں کی ٹکر – دو اسکوٹر سوار ہوئے شدید زخمی – تین گرفتار

Sat, 31 Oct 2026 11:49:29    S O News
کنداپور : تیز رفتار ٹپّر لاریوں کی ٹکر – دو اسکوٹر سوار ہوئے شدید زخمی – تین  گرفتار

کنداپور،31/ اکتوبر (ایس او نیوز)کنداپور تعلقہ کے علاقے بالکور میں مٹی لے جانے والے دو ٹپر ٹرکوں (ڈمپرز) کی مبینہ طور پر لاپروائی اور تیز رفتاری کی وجہ سے حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو اسکوٹر سوار زخمی ہوگئے ۔

حادثے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کر لیا ، جن کی شناخت ٹپر ٹرکوں کے ڈرائیور ناگراج اور رتوج  اور مٹی نکالی گئی جگہ کے مالک اجیت شیٹی کے طور پر کی گئی ہے ۔

یہ واقعہ کل صبح کے وقت اسٹیٹ ہائی وے 52 پر بالکور گاؤں میں وشنو مورتی مندر کے قریب، پیش آیا ۔  مٹی سے لدے یہ دونوں ٹپر ٹرک کنداپور کی جانب سے آ رہے تھے اور مبینہ طور پر انہیں انتہائی لاپروائی سے چلایا جا رہا تھا ۔

بتایا جاتا ہے کہ جب ایک ٹپر ڈرائیور نے اپنی گاڑی کی رفتار کم کی کیونکہ اس کے آگے ایک KSRTC بس جا رہی تھی، تو پیچھے سے آنے والے دوسرے ٹپر کے ڈرائیور نے مبینہ طور پر تیز رفتاری سے آ کر پہلی گاڑی کو ٹکر مار دی ۔ اس ڈرائیور نے اپنی گاڑی کو سڑک کے انتہائی دائیں جانب موڑ دیا، جس کی زد میں کنڈلور سے بسروُر کی طرف جانے والا ایک اسکوٹر آ گیا، جس پر کالج کے طلباء سوار تھے ۔

اسکوٹر پر سوار ٹی کے محمد شایان اور محمد ریان اس حادثے میں زخمی ہو گئے، جنہیں علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔  

محمد شایان کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ اس کے سر، پیٹ اور پورے جسم پر بہت زیادہ گہری چوٹیں آئی ہیں اور اسے علاج کے لئے منی پال کے ایم سی ہاسپٹل میں منتقل کیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔

حادثے میں ملوث ٹپر ٹرک بغیر کسی اجازت نامے  کے مٹی لے جا رہا تھا ۔ اس واقعے اور مٹی کی غیر قانونی نقل و حمل کے سلسلے میں کنداپور رورل پولیس نے مختلف قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔  


Share: