پالکاڈ، 31/ اکتوبر(ایس او نیو) کیرالہ کے پالکاڈ ضلع میں کروپتور علاقے میں ایک ٹرک بے قابو ہو کر پتھروں کی کھدائی والے گڑھے (کواری) میں گر گیا تھا اور اس کا ڈرائیور ابو طاہر لاپتہ ہو گیا تھا ۔
معلوم ہوا ہے کہ پانی سے بھرے ہوئے اس وسیع گڑھے میں فائر بریگیڈ اور اسکوبا ڈائیورس کی جانب سے کافی تلاش و جستجو کے بعد چتنور کے رہنے والے ٹرک ڈرائیور ابو طاہر کی نعش بازیافت ہوئی ۔
بتایا جاتا ہے کہ پتھروں کو نکالنے کی وجہ سے جو گڑھا پیدا ہوا تھا اسے بھرنے کے لئے ٹرک کے ذریعے مٹی لائی گئی تھی ۔ اس مٹی کو انڈیلنے کے دوران ٹرک بے قابو ہوگیا اور پھسل کر ڈرائیور سمیت پانی سے بھرے ہوئے گڑھے گر گیا ۔ اسی کے ساتھ ٹرک اور ڈرائیور ابوطاہر پانی میں لاپتہ ہوگئے ۔ تلاشی مہم کے دوران ابتدائی طور پر لاری کو پانی سے باہر نکالا گیا تھا مگر ابوطاہر کا کچھ پتہ نہیں چلا تھا ۔
اس کے فائر بریگیڈ اور اسکوبا ڈائیورس نے بڑے پیمانے پر مشترکہ تلاش شروع کی جس کے بعد ابوطاہر کی لاش برآمد ہوئی ۔