ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / کویت نے دو ماہ بعد فضائی حدود بحال کرنے کا کیا اعلان

کویت نے دو ماہ بعد فضائی حدود بحال کرنے کا کیا اعلان

Sat, 25 Apr 2026 12:54:42    S O News

کویت سٹی    ، 25/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی)کویت نے دو ماہ کی بندش کے بعد کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لئے اپنی فضائی حدود کو کھول دیا ہے کیونکہ امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ بندی برقرار رہتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ 28؍فروری کو ایران پر امریکہ او راسرائیل کے ساتھ ہی خلیجی ممالک بھی ایرانی حملوں کی زد میں آ گئے تھے اور اس وقت کویت بھی ان ممالک میں شامل تھا جنہوں نے فضائی حدود بند کر دی تھی جس کا سلسلہ تقریباً دو ماہ تک جاری رہا۔

عرب نیوز کے مطابق یہ اعلان جمعرات کی رات کیا گیا۔ کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ایوی ایشن اتھاریٹی کے سربراہ شیخ حمود مبارک الحمودالصباح کا کہنا ہے کہ فضائی حدود کا دوبارہ کھولا جانا آنے والے دنوں میں ہوائی اڈے پر مکمل آپریشن کی تیاری اور ہوائی ٹریفک کو بتدریج شروع ہونے والے مرحلہ وار منصوبے کا حصہ ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران کے حملوں کی وجہ سے ایئرپورٹ پر کچھ تنصیبات کو نقصان پہنچا تھا، اس بارے میں جائزہ مکمل کر لیا گیا ہے اور تکنیکی ٹیموں نے آلات اور بنیادی ڈھانچے کی دیکھ بھال اور مرمت کا کام شروع کر دیا ہے۔

شیخ حمود مبارک الحمود الصباح نے مزید کہا کہ ابتدائی مرحلے میں کچھ مخصوص اسٹیشنز شامل ہوں گے جن کو ایئرپورٹ کی سیکوریٹی کو یقینی بنانے کے لئے ترجیح دی گئی تھی۔ اس سلسلے کو بعدازاں مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

ہوائی اڈے کے دوبارہ کھلنے پر کویت ایئرویز نے اتوار(26؍ اپریل) سے۱۷؍ مقامات کیلئے سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جن میں ممبئی، دہلی، لندن، استنبول، لاہور، ڈھاکہ، منیلا، قاہرہ، ریاض، جدہ، کولمبو، گوانگزو، بیروت اور دمشق شامل ہیں۔

ایئرپورٹ کے ٹرمینل فور سے کچھ روٹس سے ہفتے میں4 استعمال ہو گا جبکہ باقیوں پر فلائٹس کی تعداد اس سے کم ہو گی۔ قاہرہ کے پروازیں دن میں ایک بار چلائی جائیں گی۔ کم خرچ جزیرہ ایئرویز نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ9 مقامات کے لئے ٹرمینل فائیو سے جانے والی پروازوں کا سلسلہ اتوار سے شروع کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق ممبئی، دہلی، کوچی، عمان، بیروت، دمشق، دبئی اور استنبول کیلئے سروسیز دوبارہ شروع ہونے اور آپریشن کے مکمل طور پر پوری صلاحیت پر آنے کے بعد دیگر مقامات کی طرف پروازوں کا سلسلہ بھی بڑھایا جائے گا۔ اس دوران ہندوستانیوں   کے بھی وطن آنےکی امید ہے۔ 


Share: