دبئی، 5 اکتوبر (ایس او نیوز): بھٹکل پریمیئر لیگ (BPL) ٹورنامنٹ کا 13واں ایڈیشن 3 جنوری 2027 کو شروع ہوگا، جبکہ 31 جنوری کو ٹورنامنٹ کا فائنل میچ کھیلا جائے گا۔
بی پی ایل کے چیئرمین جیلانی محتشم نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے تحت پانچ اتوار کو مجموعی طور پر 15 میچ کھیلے جانے کی تجویز ہے، جس میں متحدہ عرب امارات میں مقیم بھٹکل کے باصلاحیت کرکٹرز کو ٹورنامنٹ میں کھیلنے اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع ملے گا۔ سبھی میچس گذشتہ سالوں کی طرح شارجہ کے JMR کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کا رجسٹریشن 10 نومبر سے شروع ہوگا اور 22 نومبر 2026 کو اختتام پذیر ہوگا، جبکہ کھلاڑیوں کی نیلامی 6 دسمبر کو دبئی میں منعقد کی جائے گی۔ کھلاڑیوں کی اہلیت، رجسٹریشن کے طریقہ کار، شریک ٹیموں اور نیلامی سے متعلق مزید رہنما اصول بی پی ایل گورننگ کمیٹی کی جانب سے بعد میں جاری کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ بی پی ایل 2026 کے ایڈیشن کی فائنلسٹ دونوں ٹیموں کو بی پی ایل 2027 میں براہ راست شامل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بی پی ایل گورننگ کونسل کی جانب سے سابقہ شرکت، لیگ کے ساتھ وابستگی اور میدان کے اندر اور باہر مثالی طرزِ عمل کی بنیاد پر مزید تین ٹیموں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ مزید تین ٹیموں کو ڈرا کے ذریعے ٹورنامنٹ میں جگہ بنانے کا موقع دیا جائے گا۔ ڈرا میں شرکت کے خواہش مند ٹیموں کو 25 سے 30 اکتوبر 2026 کے درمیان اپنے فارم جمع کرانے ہوں گے۔
جیلانی محتشم نے جاری پریس ریلیز میں بتایا کہ ٹورنامنٹ کا مقصد متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر بھٹکل اور اطراف کے نوجوانوں، بالخصوص کھلاڑیوں، کو کرکٹ کے ذریعے ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا، باہمی دوستی و اسپورٹس مین اسپرٹ کو فروغ دینا اور کمیونٹی میں اتحاد و وابستگی کے جذبے کو مضبوط بنانا ہے۔
بی پی ایل کمشنر آفاق نائطے نے بتایا کہ بی پی ایل ایک اور کامیاب اور یادگار سیزن کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں مقیم بھٹکل اور اطراف کے کھلاڑیوں، خاندانوں اور کرکٹ شائقین سے ٹورنامنٹ میں شرکت اور حمایت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ تمام شرکاء اور شائقین کو پیشہ ورانہ، خوشگوار اور یادگار تجربہ فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔