ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کانگریس کا چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر حملہ، ’سپریم کورٹ کے نام پر عوام کو گمراہ کیا‘

کانگریس کا چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر حملہ، ’سپریم کورٹ کے نام پر عوام کو گمراہ کیا‘

Mon, 05 Oct 2026 19:08:38    S O News

نئی دہلی ، 5/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)آج چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف عرضیوں پر سپریم کورٹ نے سماعت کی۔ اس دوران عدالت عظمیٰ نے کوئی فیصلہ تو نہیں سنایا، لیکن کچھ ایسی باتیں سامنے آئیں جس نے اپوزیشن کو آواز اٹھانے کا مزید موقع فراہم کر دیا ہے۔ دراصل سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ فارم-6 میں کسی بھی ترمیم کی منظوری اس کی طرف سے نہیں دی گئی ہے۔ عدالت کے اس بیان سامنے رکھ کر کانگریس نے گیانیش کمار کو ’فراڈ‘ قرار دے دیا ہے۔

کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر جاری پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’گیانیش کمار ایک نمبر کا فراڈ ہے۔ 26 ستمبر کو گیانیش کمار نے ایک پریس نوٹ جاری کیا، جس میں کہا کہ فارم-6 میں تبدیلی سپریم کورٹ کی ہدایت پر کی گئی ہے۔ لیکن اب سپریم کورٹ نے صاف کہا ہے کہ کسی بھی ترمیم شدہ فارم-6 کو ہم نے منظوری نہیں دی ہے۔‘‘ عدالت کے اس تبصرہ کو مدنظر رکھتے ہوئے پارٹی نے یہ بھی کہا کہ ’’گیانیش پورے ملک میں ووٹ چوری کو انجام دے رہا ہے اور اب پکڑے جانے پر ایسے فراڈ کر ملک کو گمراہ کر رہا ہے۔‘‘ کانگریس نے اس معاملہ میں گیانیش کمار کو فوراً گرفتار کر جیل میں ڈالنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کانگریس لگاتار سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ اور گرفتاری کا مطالبہ کر رہی ہے۔ گیانیش کمار کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاجی کرنے والوں کی تصویریں اور ویڈیوز پوسٹ کی جا رہی ہیں اور مبینہ ووٹ چوری کے ثبوت بھی پیش کیے جا رہے ہیں۔ ایک پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’ووٹ چور گیانیش کرناٹک میں ایس آئی آر کے ذریعہ کھیل کر رہے ہیں۔ ’دی ہندو‘ کی خبر کے مطابق بیلاری میں بی جے پی کے ’بی ایل اے‘ ٹی شرینواس موتھکور نے 7561 ووٹرس کے نام ہٹوانے کے لیے فارم-7 بھرے۔ ان ووٹرس میں بیشتر مسلم طبقہ کے لوگ ہیں جنھیں لسٹ میں غیر حاضری یا منتقل شدہ بتایا گیا۔‘‘ اس میں ’دی ہندو‘ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مزید لکھا گیا ہے کہ ’’بی جے پی کے ’بی ایل اے‘ موتھکور نے ’آبجکشن‘ کر ان ناموں کی دوبارہ جانچ کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ ان لوگوں کے نام بیلاری اسمبلی حلقہ کی ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں شامل تھے۔ اس کیس میں بی ایل او اور ای آر او نے ضروری دستاویز نہ ہونے کی وجہ سے پہلے ہی یہ فارم-7 لینے سے منع کر دیا تھا۔‘‘

کانگریس نے مذکورہ بالا پوسٹ کے ساتھ ویڈیو بھی شیئر کی ہے، اور چیف الیکشن کمشنر کو ہدف تنقید بناتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’صاف ہے، گیانیش کمار کے اس کھیل میں بی جے پی کی پوری ملی بھگت ہے۔ ایس آئی آر کے نام پر ویلڈ ووٹرز کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کیے جا رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’گیانیش کمار اور نریندر مودی یاد رکھیں، ملک کی عوام ’ووٹ چوری‘ کی یہ کرتوتیں دیکھ رہی ہے اور وہ سب کا حساب کرے گی۔‘‘


Share: