بھٹکل 5/اکتوبر (ایس او نیوز) : نابالغ بچوں کو گاڑیاں دے کر سڑکوں پر بھیجنے والے والدین اور گاڑی مالکان کے خلاف بھٹکل سمیت ضلع اتر کنڑا میں پولیس نے کارروائی تیز کردی ہے۔ جنوری سے ستمبر 2026 کے دوران نابالغوں کے گاڑی چلانے کے بھٹکل میں 45 مقدمات سمیت ضلع بھر میں جملہ 131 مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں گاڑی فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق موٹر وہیکل ایکٹ، 1988 کی دفعہ 199(A) کے تحت درج مقدمات کی سماعت کے بعد عدالتوں نے متعلقہ نابالغوں کے والدین اور گاڑی مالکان پر ضلع میں مجموعی طور پر 13.09 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ جس میں سب سے زیادہ بھٹکل میں 5,38,500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے
محکمہ پولیس نے بتایا کہ نابالغ بچوں کے گاڑی چلانے سے حادثات کا خطرہ بڑھنے کے ساتھ نہ صرف ان کی اپنی جان بلکہ سڑک پر سفر کرنے والے دیگر افراد کی سلامتی بھی خطرے میں پڑتی ہے۔ اسی وجہ سے بچوں کو گاڑی دینے والے والدین اور گاڑی مالکان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
پولیس نے والدین کو خبردار کیا ہے کہ بچوں کو گاڑی چلانا سکھانے یا معمولی کام کے لیے بھی گاڑی نہ دیں۔ نابالغ کو گاڑی دینے کی صورت میں مقدمہ درج ہونے کے ساتھ عدالت میں کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اور جرمانہ بھی عائد کیا جاسکتا ہے۔
پولیس نے والدین اور گاڑی مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کو گاڑی کی چابی دینے کے بجائے سڑک کی حفاظت اور ان کے محفوظ مستقبل کی ذمہ داری کو ترجیح دیں۔