ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : کرکٹ کھیلنے کے دوران بجلی کا شاک لگنے سے 15 سالہ طالب علم کی موت

منگلورو : کرکٹ کھیلنے کے دوران بجلی کا شاک لگنے سے 15 سالہ طالب علم کی موت

Wed, 15 Apr 2026 19:16:10    S O News
Varun Mangaluru boy death

منگلورو ،15 / اپریل (ایس او نیوز) شہر کے مہاکالی پاڈو علاقے میں اپنے دوستوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کے دوران بجلی کا شاک لگنے سے ایک پندرہ سالہ طالب علم فوت ہوگیا ۔
    
فوت ہونے والے لڑکے کی شناخت ورون (15 سال) کے طور پر کی گئی ہے جو ہاویری ضلع کے بنی ہٹی گاوں کے رہائشی مگر گزشتہ 25 سالوں  سے منگلورو میں مقیم فیملی سے تعلق رکھتا تھا ۔ 
    
بتایا جاتا ہے ورون مہاکالی پاڈو انڈر پاس کے قریب واقع ایک بھجن مندر کے پاس اپنے دوستوں کے ساتھ کرکٹ کھیل رہا تھا ۔ کھیل کے دوران گیند مندر کی چھت پر گر گئی اور گیند حاصل کرنے کے لئے ورون مندر کی چھت پر چڑھ گیا ۔ اسی بیچ حادثاتی طور پر اس نے چھت کے اوپر سے گزرنے والے بجلی کے تار کو چھو لیا اور اسے شاک لگ گیا۔ موقع پر موجود لوگ فوری طور پر اسے اسپتال لے گئے مگر وہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت واقع ہونے کی تصدیق کر دی ۔ 
    
معلوم ہوا ہے کہ ایک چھوٹی سی کینٹین چلانے والے کنن گوڈا کے بیٹے ورون نے ابھی چند دن پہلے ختم ہونے والے ایس ایس ایل سی امتحان میں شرکت کی تھی اور نتیجے کا انتظار کیا جا رہا تھا ۔ 
    
ایم ایل سی ایوان ڈیسوزا نے ورون کے گھر پہنچ کر اس کے والدین سے تعزیت کرتے ہوئے بچے کی موت پر اپنے دکھ کا اظہار کیا اور سرکاری معاوضہ دلانے کے لئے کوشش کرنے کا تیقن دیا ۔ 


Share: