منگلورو 11/اگست (ایس او نیوز): سورتکل کے کرشناپورہ چھٹے بلاک میں پیر کی شام ایک چھت تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار کی اس وقت کرنٹ لگنے سے موت ہوگئی جب اس کے ہاتھ میں موجود لوہے کی سلاخ قریب سے گزرنے والی ہائی ٹینشن بجلی کی تار سے چھو گئی۔
متوفی کی شناخت کرشناپورہ کے چکرورتی اسٹیڈیم کے قریب رہنے والے بھاسکر کے طور پر کی گئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بھاسکر کرشناپورہ کے چھٹے بلاک میں واقع ایک رہائشی کمپلیکس میں شیٹ کی چھت تعمیر کرنے کے کام میں مصروف تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ لوہے کی سلاخ کی مدد سے تعمیراتی کام کے لیے پیمائش کر رہا تھا۔
اسی دوران لوہے کی سلاخ بغل میں لے کر مڑتے وقت قریب سے گزرنے والی ہائی ٹینشن بجلی کی تار سے جا لگی۔ تار کے رابطے میں آتے ہی اسے بجلی کا شدید جھٹکا لگا اور اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر سورتکل پولیس موقع پر پہنچی اور معائنہ کیا۔ بھاسکر کے بیٹے کی جانب سے دی گئی شکایت کی بنیاد پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔