ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : بندر گاہ علاقے میں پائی گئی لاش کا معاملہ - قتل کے الزام میں دو افراد گرفتار

منگلورو : بندر گاہ علاقے میں پائی گئی لاش کا معاملہ - قتل کے الزام میں دو افراد گرفتار

Sat, 11 Apr 2026 10:45:02    S O News

منگلورو ، 11/ اپریل (ایس او نیوز) دو دن قبل ماہی گیری بندرگاہ کے قریب جولاش دستیاب ہوئی تھی وہ تفتیش کے بعد قتل معاملہ ثابت ہوئی جس کے بعد پولیس نے دو ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے ۔
    
 ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق پرانی بندرگاہ کے پاس ندی کے کنارے پانی میں بہتی ہوئی جس شخص کی لاش ملی ہے اس کی شناخت بینگرے کے رہائشی محی الدین نصیر (50 سال) کے طور پر کی گئی تھی اور لاش پر موجود زخموں کی وجہ سے شبہ کیا جا رہا تھا کہ یہ ایک قتل کا معاملہ ہو سکتا ہے
    
معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے اس معاملے میں اوڈیشہ کے رہنے والے دیپک کمار اور  بہار سے تعلق رکھنے والے محمد بہووا کو گرفتار کیا ہے ۔ 
    
بتایا جاتا ہے کہ جس گودی کے جس مقام پر محی الدین نصیر کی لاش بازیافت ہوئی تھی وہاں تعمیراتی کام  چل رہا تھا ۔ تفتیش کے دوران وہاں پر لگے بیریکیڈس کے قریب موجود ایک اسکوٹر پر خون کے داغ پائے گئے ۔ اس کے علاوہ ذرا سی دوری پر ایک لوہے کی سلاخ بھی ملی جس پر خون کے نشانات تھے ۔ زمین پر کسی کو گھسیٹنے کے نشانات بھی نظر آ رہے تھے ۔ 
    
پولیس کو تفتیش کے وقت یہ بات بھی پتہ چلی کہ ندی میں لاش بازیافت ہونے سے قبل دو افراد نے ایک مقامی شخص سے دریافت کیا تھا کہ اس نے کسی ایسے شخص کو دیکھا ہے جس نے سفید جوتے، بھوری پتلون اور کالی شرٹ پہن رکھی ہے کیونکہ اس شخص نے ان کا موبائل فون چرایا ہے ۔ جب مذکورہ مقامی شخص نے انکار کیا تو وہ دونوں گودی کی طرف آگے بڑھ گئے تھے ۔
    
پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی شخص کے اس بیان اور دیگر شواہد کی بنیاد پر ان دو افراد پر قتل میں ملوث ہونے کا شبہ پیدا ہوا اور انہیں گرفتار کر لیا گیا ۔ قتل کا سبب فون چوری کرنا ہے یا نہیں اس کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ کن بات سامنے نہیں آئی ہے ۔ 
    
شہر کے ساوتھ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔ 


Share: