بھٹکل، 15 اپریل (ایس او نیوز): انجمن آرٹس، سائنس اینڈ کامرس کالج بھٹکل اور فادر مُولر میڈیکل کالج ہاسپٹل منگلورو کے اشتراک سے 19 اپریل کو صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک انجمن ڈگری کالج میں ایک فری میگا ہیلتھ چیک اپ کیمپ منعقد کیا جائے گا، جس میں طلبہ، کالج اسٹاف کے علاوہ شہر کے عوام بھی مفت طبی معائنہ کروا سکیں گے۔
کالج کے پرنسپل یوسف کولا نے انجمن کالج میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس کیمپ کا مقصد عوام میں صحت سے متعلق بیداری پیدا کرنا اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ میں جنرل میڈیسن، آئی (آنکھوں) کے امراض، ای این ٹی، امراضِ نسواں، اطفال (چلڈرن اسپیشلسٹ)، کینسر (آنکولوجی) سمیت نو مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹر اپنی خدمات انجام دیں گے۔

اس موقع پر فادر مُولر اسپتال کے پبلک ریلیشن آفیسر ڈاکٹر کیلوین نے بتایا کہ کیمپ میں شرکت کرنے والے تمام افراد کو 200 روپے مالیت کا ہیلتھ کارڈ مفت فراہم کیا جائے گا، جبکہ 150 روپے کی رجسٹریشن فیس بھی معاف کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کارڈ کے حامل افراد کو منگلورو کے فادر مُولر اسپتال میں عام علاج مفت فراہم کیا جائے گا، جبکہ سُوپر اسپیشالٹی او پی ڈی میں مشاورت پر 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔
کیمپ کے دوران آیوشمان بھارت اسکیم، آبھا کارڈ (ABHA) اور یشسونی اسکیم سمیت مختلف سرکاری ہیلتھ انشورنس اسکیموں سے متعلق معلومات اور رجسٹریشن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
ساحل آن لائن کو مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے ہیلتھ کیمپ کے کو۔آرڈینیٹر پروفیسر محمد غانم نے بتایا کہ فادر مُولر اسپتال منگلورو سے مختلف امراض کے قریب 45 ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم اس کیمپ میں شرکت کرے گی، جبکہ نرسنگ اور دیگر عملہ بھی بڑی تعداد میں اپنی خدمات انجام دے گا۔ انہوں نے کہا کہ 19 اپریل کو پوری کالج عمارت عارضی طور پر میڈیکل کیمپ میں تبدیل ہو جائے گی، جہاں تقریباً ہر طرح کے امراض کی جانچ ممکن ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ طبی معائنے کے بعد جن مریضوں کو علاج تجویز کیا جائے گا، انہیں تین دن کی ادویات بھی مفت فراہم کی جائیں گی۔
پریس کانفرنس میں انجمن کے جنرل سکریٹری اسحاق شابندری، کالج بورڈ سکریٹری فیاض کولا سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
