ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / نتیش کمار جمعہ کو راجیہ سبھا میں حلف لیں گے، بہار حکومت میں ردوبدل کی قیاس آرائیاں

نتیش کمار جمعہ کو راجیہ سبھا میں حلف لیں گے، بہار حکومت میں ردوبدل کی قیاس آرائیاں

Thu, 09 Apr 2026 11:03:02    S O News

پٹنہ ، 9/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی)بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار 10/اپریل کو راجیہ سبھا کے رکن کا حلف لیں گے۔ وہ  جمعرات ہی کو نئی دہلی پہنچ جائیں گے۔ اس دوران وزیراعلیٰ کے عہدہ سے ان کے استعفیٰ کے سلسلے میں چہ میگوئیاں تیز ہوگئی ہیں۔ اسی کڑی میںنتیش کمار کے قریبی سمجھے جانے والے جے ڈی یو لیڈر اور بہار حکومت میں وزیر وجے کمار چودھری نے کہا ہے کہ جب وہ استعفیٰ دیں گے،تب این ڈی اے کی سبھی حلیف جماعتوںکی میٹنگ ہوگی، اس میںفیصلہ ہوگاتب نئی حکومت بنے گی ۔انہوںنے یہ بھی کہا کہ اچھےدن دیکھ کرہی حکومت کی تشکیل ہوتی ہے۔

وجے کمار چودھری نے بدھ کویہاں میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار جمعرات کو دہلی روانہ ہوں گے اور جمعہ، ۱۰؍اپریل کو راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر حلف لیں گے۔ انہوںنے کہا کہ جب نتیش کمار راجیہ سبھا کےلئے منتخب ہوئے ہیں ،تو فطری ہےکہ وہاں جائیں گے ،راجیہ سبھا کے رکن کے طورپر حلف لینا ایک ضروری اورآئینی عمل ہے ۔یہ الگ بات ہے کہ بہار کےعوام کو ان کا بہار سےجانا اچھا نہیں لگا لیکن یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے اس لئےسبھی نے ان کی باتیں مان لیں۔

وجے کمار چودھری نے اس سوال کے جواب میں کہ ریاست میں نئی حکومت کی تشکیل کب تک ہوگی ،کہا کہ مجھے اس کی جانکاری نہیں ہے اور نہ ہی یہ میرے دائرے کی بات ہے۔ نتیش کمار اگر وزیر اعلیٰ کےعہدہ سے استعفیٰ دے دیتے ہیں تو اس کےبعد ریاست میں نئی حکومت کی تشکیل کیلئے این ڈی اےکی میٹنگ ہوگی ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چونکہ این ڈی اے میں بی جے پی سب سے بڑی پارٹی ہے،اس لئے فطری ہے کہ بی جے پی لیڈ لے گی ۔ ہم لوگ ان کے ساتھ ہیں۔اس لئے این ڈی اے کی میٹنگ میں متفقہ طورپر نئی حکومت کا فیصلہ ہوگا۔ نئی حکومت کی تشکیل میں وزیراعلیٰ کی دوڑ میں سیاسی لیڈوں کےنام پوچھے جانے پر وجے چودھری نےکہا کہ آپ لوگ اس کےلئےجن ناموں کو چلارہے ہیں انہیں ہی چلاتے رہیں۔


Share: