ممبئی، 14 اپریل (ایس او نیوز): مہاراشٹرا کے تھانے ضلع کے کلیان میں پیر کو پیش آئے ایک ہولناک سڑک حادثے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے، جن میں مرد، خواتین اور تین بچے بھی شامل ہیں، جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوا ہے جسے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ کلیان-مرباد قومی شاہراہ (NH-61) پر اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر وین (ایکو ٹیکسی) اور سیمنٹ مکسچر ٹرک کے درمیان آمنے سامنے زوردار ٹکر ہوگئی۔
ٹکر اتنی شدید تھی کہ وین مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ حکام کے مطابق، حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے تین بہن بھائی بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کئی متاثرین کا تعلق مرباد علاقے سے تھا، جو کلیان سے اپنے گاؤں واپس جا رہے تھے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق وین میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے۔ پولیس نے اوور اسپیڈنگ اور ڈرائیوروں کی لاپرواہی کو حادثے کی ممکنہ وجوہات قرار دیا ہے۔ جبکہ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ زیر تعمیر پل اور محدود لینز کے باعث ٹریفک کا نظام متاثر تھا، جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے کے فوری بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مہلوکین میں پرشانت چیندنے (ڈرائیور)، بھوشن گھورپڑے (ریونیو آفیسر)، دیپک گاولی، گنپتی مادھے، جِجابائی کیمباری، اننتا پوار اور ہیمنت گرو شامل ہیں، جبکہ ایک ہی خاندان کے تین بہن بھائی نیہا، مانسی اور پرتھمیش موپے بھی اس حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔ مزید دو افراد کی شناخت معلوم نہیں ہو سکی تھی۔
مہاراشٹرا کے نائب وزیر اعلیٰ دویندر فڈنویس نے اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔